ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیر صدارت ایل پی جی پلانٹس کے مالکان کا اہم اجلاس کا انعقاد

ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیر صدارت ایل پی جی پلانٹس کے مالکان کا اہم اجلاس کا انعقاد

کوئٹہ۔ 19 نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور حکومتِ بلوچستان کی عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور کاروباری سرگرمیوں کو محفوظ بنانے کی پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیر صدارت ایل پی جی پلانٹس کے مالکان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور اور اسسٹنٹ کمشنر جیوانی طارق امام بلوچ سمیت ایل پی جی پلانٹس کے مالکان نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے ایل پی جی پلانٹس میں حفاظتی انتظامات اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے مقررہ ضوابط پر عملدرآمد نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈال کر کسی کو کاروبار جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 12 مارچ کو ایل پی جی پلانٹ مالکان کو حفاظتی انتظامات مکمل کرنے اور اوگرا سے رجسٹریشن کے لیے مخصوص مہلت دی گئی تھی، تاہم کافی ماہ گزرنے کے باوجود بیشتر پلانٹس میں مقررہ حفاظتی اقدامات اور قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، جو انتہائی تشویش ناک اور ناقابلِ قبول ہے۔ڈپٹی کمشنر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز اور اوگرا کے حفاظتی پروٹوکول محض رسمی ہدایات نہیں بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے لازمی قانونی تقاضے ہیں۔ ان پر عملدرآمد میں غفلت، تاخیر یا کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والے پلانٹس کے خلاف قانونی کارروائی، سیلنگ اور ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر سمیت تمام قانونی اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔اجلاس میں 250 بارڈر پر نئے ایل پی جی ڈی کینٹنگ سٹیشنز کے قیام کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پہلے ہی نئے پلانٹس اور ڈی کینٹنگ سٹیشنز کے قیام پر پابندی عائد کی جا چکی ہے، اس کے باوجود نئے سٹیشنز قائم کرنا انتظامی احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر جیوانی کو ہدایت کی کہ پابندی کے باوجود قائم کیے گئے تمام نئے ڈی کینٹنگ سٹیشنز کی نشاندہی کرکے انہیں فوری طور پر سیل کیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کاروباری حضرات کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جو مالکان فوری طور پر ضروری حفاظتی آلات نصب کرنے، اوگرا کے مقررہ پروٹوکول پر عملدرآمد اور رجسٹریشن کا قانونی عمل مکمل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں گے، ضلعی انتظامیہ انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ تاہم قانون سے انحراف، غیر ضروری تاخیر اور انتظامی احکامات کو نظرانداز کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ایل پی جی پلانٹ مالکان کی جانب سے زمینوں کے الاٹمنٹ اور ملکیتی دستاویزات کی عدم دستیابی کو رجسٹریشن میں تاخیر کی وجہ قرار دینے پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے اوگرا حکام سے خود رابطہ کرکے رجسٹریشن کے طریقہ کار میں ضروری سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

مالکان فوری طور پر درخواستیں جمع کرائیں اور رجسٹریشن کے عمل سے متعلق رسیدیں ضلعی انتظامیہ کو پیش کریں۔ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے اعلان کیا کہ وہ خود گبد 250 بارڈر کا دورہ کرکے تمام ایل پی جی ڈی کینٹنگ سٹیشنز کا تفصیلی معائنہ کریں گے۔ اس موقع پر حفاظتی انتظامات، اوگرا کے ایس او پیز اور قانونی تقاضوں پر عملدرآمد کا موقع پر جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام سٹیشنز کی ویڈیو ریکارڈنگ اور شواہد مرتب کیے جائیں تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ٹھوس بنیادوں پر قانونی کارروائی کی جا سکے۔

مزید خبریں