وزیر دفاع خرم دستگیر خان کا نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو

اسلام آباد ۔ 23 فروری (اے پی پی) وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اور دفاع اہم ترین معاملات ہیں جن سے شہریوں کی زندگیاں جڑی ہوئی ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملکی معاملات میں سوچ سمجھ کر قدم رکھیں۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ”بے لاگ“ میں خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا …

اسلام آباد ۔ 23 فروری (اے پی پی) وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اور دفاع اہم ترین معاملات ہیں جن سے شہریوں کی زندگیاں جڑی ہوئی ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملکی معاملات میں سوچ سمجھ کر قدم رکھیں۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ”بے لاگ“ میں خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی پر بہت حد تک قابو پا لیا ہے اور پاکستان میں دہشت گردوں کی کسی قسم کی کوئی خفیہ پناہ گاہیں موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں ہمارے عام شہریوں نے بھی بے شمار قربانیاں دی ہیں جنہیں کسی صورت بھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب میں جو پاکستانی فوجی جا رہے ہیں وہ صرف ٹریننگ دینے کے لیے ہیں، یہ بات میں نے سینیٹ میں بھی بتائی ہے کہ جو فوجی سعودی عرب جا رہے ہیں وہ پارلیمان کے اپریل 2015ءکے قرارداد کے فریم ورک سے باہر نہیں بلکہ اس فریم ورک کے اندر ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع کو بہت زیادہ اصلاحات کی ضرورت ہے اور ہمیں حقائق سے منہ موڑنے کی بجائے حقائق سے سچ کی تلاش کرنا ہوگی۔