عازمینِ حج کیلئے آن لائن فنگر پرنٹ بائیو میٹرک لازمی ہو گی، وزارتِ مذہبی امور میں سعودی ویزہ بائیو اپلی کیشن کے استعمال پر اہم اجلاس

Ministry of Religious Affairs said
Ministry of Religious Affairs said

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):وزارت مذہبی امور کے جوائنٹ سیکرٹری حج آفتاب محمد خان نے کہا ہے گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی عازمینِ حج کیلئے آن لائن فنگر پرنٹ بائیو میٹرک لازمی ہو گی، عازمینِ حج اپنی فنگر پرنٹ بائیو میٹرک سعودی ویزہ بائیو نامی موبائل اپلی کیشن کے ذریعے کر سکیں گے یہ سہولت پاکستان میں موجود جیریز دفاتر سے بھی مفت دستیاب ہو گی۔

وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارتِ مذہبی امور میں سعودی ویزہ بائیو اپلی کیشن کے استعمال پر اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سعودی ویزہ بائیو ایپ سے متعلق سعودی وزارتِ خارجہ کے حکام اور جیریز آفس کے نمائندوں نے پریزنٹیشن دی۔جوائنٹ سیکرٹری حج آفتاب محمد خان کی زیر صدارت اجلاس میں حج ونگ کے افسران اور نجی حج سکیم کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ جوائنٹ سیکرٹری نے کہا کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی عازمینِ حج کیلئے آن لائن فنگر پرنٹ بائیو میٹرک لازمی ہو گی۔

عازمینِ حج اپنی فنگر پرنٹ بائیو میٹرک سعودی ویزہ بائیو نامی موبائل اپلی کیشن کے ذریعے کر سکیں گے۔ فنگر پرنٹ بائیو میٹرک کی سہولت پاکستان میں موجود جیریز دفاتر سے بھی مفت دستیاب ہو گی۔ عازمینِ حج تین آسان مراحل میں اپنے سمارٹ فون سے گھر بیٹھے سعودی ویزہ بائیو میٹرک کر سکتے ہیں۔ موبائل کیمرے کی مدد سے پاکستانی پاسپورٹ سکین کرنا، سیلفی لینا اور فنگر پرنٹس سکین کرنا ہوں گے۔ موبائل اپلی کیشن کے استعمال سے متعلق سادہ ہدایات وزارت کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر دستیاب ہو گی۔ ہاتھ یا انگلیوں سے معذور افراد کو مستند ڈاکٹر کا کمپیوٹرائزڈ میڈیکل سرٹیفیکیٹ اپ لوڈ کرنا ہو گا۔ گذشتہ سال بائیو میٹرک میں کچھ مسائل کے بعد موبائل ایپ کو مزید آسان بنایا گیا ہے۔