مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے اقدامات کئے،تحریک انصاف خواتین کے حقوق کا استحصال کرنے والی جماعت ہے۔مریم نواز کا عالمی یوم خواتین پر تقریب سے خطاب

وزیر اعلی پنجاب کا معروف گلوکار امجد پرویز کے انتقال پر اظہار افسوس

لاہور۔8مارچ (اے پی پی):مسلم لیگ ( ن) کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے،تحریک انصاف خواتین کے حقوق کا استحصال کرنے والی جماعت ہے،قوم کی تقدیر کا فیصلہ خواتین اپنے ووٹ کے ذریعے کر سکتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں مسلم لیگ (ن )خواتین ونگ کے زیر اہتمام عالمی یوم خواتین کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر شائستہ پرویز ملک ،نزہت،نوشین ظاہر ے شاہ ،سعدیہ تیمور ،عظمی بخاری اورحنا پرویز بٹ سمیت مسلم لیگ (ن) کی عہدیداران و کارکن خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ ملک کی تمام خواتین کو آج کے دن دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں،ملک میں خواتین کی ضروریات کی نشاندہی کر تی رہوں گی،پاکستان میں ہر دن خواتین کا دن ہوتا ہے،خواتین نے پاکستان میں ہر شعبہ میں اپنا نام کمایا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرضی سے ووٹ دینے کا حق خواتین کو ملنا چاہیے،خواتین ملک کی خدمت میں کسی طور پر پیچھے نہیں،والدین کو اپنے بیٹوں اور بیٹیوںکو بنیادی سہولیات دینے میں امتیازی سلوک روا نہیں رکھنا چاہیے،اگر والدین اپنی بیٹیوں کو مناسب مواقع فراہم کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ وہ محنت اور لگن سے کام کر کے اپنے والدین اور ملک کا نام روشن نہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آبادی کے تناسب سے خواتین کو حقوق حاصل ہونے چاہئیں اور برابر کے مواقع ملنے چاہئیں،ملک میں خواتین کا تناسب پچاس فیصد ہے لہذا انہیں ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔مریم نواز نے کہا کہ خواتین کو بڑھ چڑھ کر ملکی سیاست میں حصہ لینا چاہیے،اگرخواتین گھر چلا سکتی ہیں تو وہ ملکی سیاست میں بھی کیوں حصہ نہیں لے سکتیں،کسی خاتون کو غیر سیاسی نہیں ہونا چاہیے چاہے وہ گھر میں ہو یا گھر سے باہر اورکسی شعبہ میں کام کر رہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو ایسی جماعت کا انتخاب کرنا چاہیے جو خواتین کے حقوق کے لیے آواز بلند کر تی ہو،محترمہ فاطمہ جناح میرے لیے رول ماڈل ہیں میں ان کی بہت بڑی فین ہوں،انہوں نے جس طرح پاکستان بنانے میں اپنے بھائی کا ساتھ دیا وہ قابل ستائش ہے،میں نے اپنی زندگی میں اپنی والدہ سے بہت کچھ سیکھا ہے ،محترمہ کلثوم نواز بہت دور اندیش خاتون تھیں،میں نے اپنی زندگی کا بہت حصہ ان کے ساتھ گزارا ہے،انہوں نے میری ایسی تربیت کی جس کا احساس مجھے اس وقت ہوا جب سیاست میں مجھے مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو پاکستان کی ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں جنہوں نے رکاوٹوں کو عبور کر کے ایک بڑا مقام حاصل کیا،شہید بے نظیر بھٹو نے عورتوں کے لیے ایک مثال قائم کی،وہ تمام خواتین کے لیے مشعل راہ ہیں،اسی طرح ملک کی تمام خواتین کو پاکستان کی خدمت کر نے کیلئے کسی طور پر پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محمد نواز شریف کے دور میں خواتین کے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے بہت کام کیا گیا،پاکستان کے ہر کونے میں خواتین کے آگے بڑھنے کی اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے تڑپ موجود ہے،میری سیاست میں شمولیت محمد نواز شریف کی وجہ سے ہے،خواتین کو حقوق دلانے کی کوشش کرتی رہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مسائل کا ذمہ دار عمران خان ہے،جو شخص اپنی بیٹی کو عزت نہیں دے سکا وہ قوم کی بیٹیوں کو کیسے عزت دے سکتا ہے،پی ٹی آئی کے جلسوں میں خواتین کی بے حرمتی کی جاتی ہے،عمران خان نے خاتون جج کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے۔

مریم نواز نے کہا کہ ملک کی تمام خواتین اگر میرا ساتھ دیں تو ان کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کروں گی،پاکستان پیپلز پارٹی میں خواتین کا بہت احترام کیا جاتا ہے،پی پی پی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کی بات کی ہے اور ان کو جائز مقام دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے۔مریم نواز نے کہا کہ عظمی بخاری،حنا پرویز بٹ اسی طرح دیگر خواتین کارکنان مسلم لیگ ( ن) کا اثاثہ ہیں جنہوں نے پارٹی کو آگے لے جانے کے لیے سخت محنت کی ہے،ہمیں روز بروزخواتین کی سپورٹ حاصل ہورہی ہے ،پاکستان کی ہر خاتون کو یہ حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ اپنی مرضی سے ووٹ کا استعمال کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین پاکستان میں تعلیم،عدلیہ،پولیس اور آرمی سمیت ہر شعبے میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں اور مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں جس سے ملک کا نام فخر سے بلند ہو تا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین شہید بے نظیر بھٹو کی طرح محنت کریں تو وہ بھی یہ بلند مقام حاصل کر سکتی ہیں،حدیقہ کیانی جو سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے بغیر حکومتی امداد کے کام کر رہی ہیں انہیں میں خراج تحسین پیش کرتی ہوں،کھیل کے میدانوں میں پاکستانی خواتین نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،جن میں بسمہ معروف، ثنا میر و دیگر کھلاڑیوں کے نام قابل ذکر ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ پاکستان کے ہر فور م پر خواتین میرے شانہ بشانہ کھڑی ہوں،عمران خان کو سیاسی معاملات کا جواب سیاسی انداز میں دینا چاہیے ،عمران خان اپنی گرفتاری سے بچنے کے لیے معذور بننے کا ڈرامہ کرتا ہے،جو شخص اپنے جلسوں میں خواتین پر جملے کستا ہو وہ خواتین کی عزت کیسے کر سکتا ہے۔