کوئی بھی آئین و قانون سے بالاتر نہیں ہے، آئین میں ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے، سینیٹر شیری رحمن

اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ کوئی بھی آئین و قانون سے بالاتر نہیں ہے، آئین میں ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے، ہمیں احتساب،اتحاد اور گورننس میں بہتری کیلئے عزم کرنے کی ضرورت ہے۔

جمعرات کو ایوان بالا کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایوان میں موجود تمام شخصیات کو گولڈن جوبلی مبارک ہو، یہ تقریب چیئرمین سینیٹ کا قابل تحسین اقدام ہے، یہ تقریب جمہوری اقدار کے حوالہ سے اہمیت کی حامل ہے، سینٹ وفاق کی علامت ہے جس میں تمام صوبائی اکائیوں کی نمائندگی شامل ہے، پیپلز پارٹی اس آئین کی خالق ہے، یہ آئین مشکل حالات میں ملکی استحکام کا ضامن رہا ، اس میں مساوات کے اصول پر عمل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی اختلافات کے باوجود پارلیمنٹ بالخصوص سینیٹ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے، ہمیں عملی اقدامات کے ذریعے سیاسی اقدار پر عمل کرنا چاہئے،ہمیں ایوان بالا کی عزت و احترام میں اضافہ کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں، مستقبل میں مزید بہتری آئے گی۔

سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی بین الاقوامی مسئلہ ہے، ہم آئین کا احترام کرتے ہیں، اس میں کہا گیا ہے کہ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں تو ایسا ہی ہونا چاہئے، کوئی بھی آئین و قانون سے بالاتر نہیں ہے، کسی کو عدلیہ اور اداروں کو نشانہ نہیں بنانا چاہئے، آئین و قانون کا احترام کرنا چاہئے، آئین میں ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو، آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار کیا گیا، شہید بے نظیر بھٹو نے پارلیمنٹ کا ہمیشہ احترام کیا، ہمیں احتساب،اتحاد اور گورننس میں بہتری کیلئے عزم کرنے کی ضرورت ہے۔