پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سیاسی،سفارتی اور معاشی تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، ترکیہ سفیر عرفان نذیر اوغلو

اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طویل تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلق ہے اور ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کی نئی نسلیں اس تعلق کو مزید مضبوط کریں۔وہ گزشتہ روز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے مشترکہ سمر کیمپ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے …

اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طویل تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلق ہے اور ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کی نئی نسلیں اس تعلق کو مزید مضبوط کریں۔وہ گزشتہ روز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے مشترکہ سمر کیمپ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ترک سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان-ترکیہ سیاسی،سفارتی اور معاشی تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، سمر کیمپ جیسی سرگرمیوں سے دونوں ممالک کی نئی نسل ایک دوسرے کے قریب آئیں گے جو تعلقات کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں گے۔

سمر کیمپ کے انعقاد پر ترک سفیر نے یونیورسٹی اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کو مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ موجودہ دور میں دوست ممالک کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر چلنا وقت کی ضرورت ہے، زبان سیکھنے سمجھنے سے ممالک قریب آتے ہیں اور تعلقات مزید مضبوط ہوتے ہیں۔بچوں کی بہترین پرورش کے لئے سکرین ٹائم کو کم کر کے ہنر اور علم سکھائیں۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے زبانوں کو بہت اہمیت دی ہے، یہی وجہ ہے کہ پچھلے تین سالوں سے جاپانی، روسی اور ترکیہ سمیت کئی زبانوں میں پروگرامز آفر کئے جارہے ہیں۔

سمر کیمپ کے بچوں کا تلفظ دیکھ کر ترکش زبان کی تربیت فراہم کرنے والے اساتذہ داد کے مستحق ہیں۔ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنیشل کولبریشن اینڈ ایکسچینج کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجید نے کہا کہ 10دنوں میں 35بچوں کو ترکش زبان، خطاطی اور تیر اندازی سکھائی گئی، ترکیہ کا روایتی کھیل منگالہ بھی سکھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سال یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے ریجنل کیمپس کراچی میں سمر کیمپ کا انعقاد کیا، اگلے مرحلے میں پنجاب اور گلگت بلتستان میں بھی سمر کیمپ کا انعقاد کریں گے۔

یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر خلیل طوقار نے کہا کہ ہم ترک لوگ پاکستانیوں سے بہت محبت کرتے ہیں اور اس محبت کو نئی نسل کو منتقل کرنے کے لئے ہم پاکستان کی تعلیمی اداروں میں اس طرح کی تقاریب کا انعقاد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی میں یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے تحت پاکستانی بچوں کو ترکی زبان و ادب اور ثقافت سے آگاہ کررہے ہیں۔بچوں نے ترکی زبان میں 2 گانے گائے اور ملانصیرالدین کے دو لطیفے سنائے۔سمر کیمپ میں شریک بچوں میں اسنادتقسیم کی گئیں۔ تقریب میں والدین اور یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران بھی شریک تھے۔