آئی جی پنجاب کی پاکستان پولیس خواتین ٹیبل ٹینس ٹیم کو میڈل جیتنے پر مبارکباد

پشاور میں منعقدہ61 ویں نیشنل چیمپین شپ 2026 میں پاکستان پولیس سپورٹس کی خواتین ٹیبل ٹینس ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا

لاہور۔12اپریل (اے پی پی):پشاور میں منعقدہ61 ویں نیشنل چیمپین شپ 2026 میں پاکستان پولیس سپورٹس کی خواتین ٹیبل ٹینس ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اس قومی ایونٹ میں آرمی، واپڈا، ایف آئی اے اور پاکستان ریلویز سمیت ملک بھر کی مختلف ٹیموں نے شرکت کی،جہاں پاکستان پولیس کی خواتین کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے پاکستان پولیس خواتین ٹیبل ٹینس ٹیم کو میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پاکستان پولیس کی خواتین کھلاڑیوں نے اپنی محنت اور لگن سے محکمے کا نام روشن کیا ہے،قومی اور بین الاقوامی سطح پر میڈلز جیتنے والے کھلاڑی محکمے کا قیمتی اثاثہ ہیں ،ان کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد اور چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل امجد نے بھی فاتح کھلاڑیوں کو شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔