اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):پاکستان ٹینس کو بین الاقوامی سطح پر اہم پیش رفت حاصل ہوئی ہے، 8 پاکستانی عہدیداروں کو 2026-27 کی مدت کے لیے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) اور ایشین ٹینس فیڈریشن (اے ٹی ایف) کی مختلف کمیٹیوں میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کی جانب سے ہفتہ کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ تقرریاں علاقائی اور عالمی سطح …
آئی ٹی ایف، اے ٹی ایف کی کمیٹیوں میں 8 پاکستانی عہدیدار شامل

مزید خبریں
اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):پاکستان ٹینس کو بین الاقوامی سطح پر اہم پیش رفت حاصل ہوئی ہے، 8 پاکستانی عہدیداروں کو 2026-27 کی مدت کے لیے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) اور ایشین ٹینس فیڈریشن (اے ٹی ایف) کی مختلف کمیٹیوں میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کی جانب سے ہفتہ کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ تقرریاں علاقائی اور عالمی سطح پر ٹینس کے فروغ اور ترقی میں پاکستان کے کردار کے بڑھتے ہوئے اعتراف کی عکاسی کرتی ہیں۔پاکستان کے ڈیوس کپ اسٹار اور پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی کو آئی ٹی ایف ایتھلیٹ کمیشن میں شامل کیا گیا ہے جہاں وہ معروف سابق عالمی کھلاڑیوں میری پیئرس (فرانس)، مارک ووڈفورڈ (آسٹریلیا)، ایوا ماجولی (کروشیا)، ارانچا سانچیز ویکاریو (اسپین)، فیلیسیانو لوپیز (اسپین) اور مولی لیوی (امریکہ) کے ساتھ خدمات انجام دیں گے۔سابق قومی کھلاڑی سارہ منصور کو آئی ٹی ایف کوچز کمیشن کا رکن مقرر کیا گیا ہے جبکہ سید محمد علی مرتضیٰ آئی ٹی ایف جونیئر کمیٹی میں خدمات انجام دیں گے۔ایشین سطح پر بھی پاکستان کے متعدد نمائندوں کو ایشین ٹینس فیڈریشن کی مختلف کمیٹیوں میں اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔پی ٹی ایف کے سرپرست سینیٹر سلیم سیف اللہ خان کو اے ٹی ایف کی فنانس کمیٹی، ڈیولپمنٹ ایڈوائزر گروپ اور لیگل، آئین و اخلاقیات کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
پی ٹی ایف کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ضیاء الدین طفیل کو جونیئر و کوچز ڈیولپمنٹ کمیٹی کا رکن بنایا گیا ہے جبکہ سینئر ٹینس کھلاڑی راشد ملک کو مارکیٹنگ و اسپانسرشپ کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔اسی طرح شہزاد اختر علوی کو ٹورنامنٹ آفیشیٹنگ کمیٹی، سارہ منصور کو ایڈوانٹیج آل کمیٹی جبکہ محمد خالد رحمانی کو سینئر، وہیل چیئر اور بیچ ٹینس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ تقرریاں اس اعتماد کا اظہار ہیں جو بین الاقوامی ٹینس اداروں نے پاکستانی عہدیداروں پر کیا ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر کھیل کے نظم و نسق اور ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل کو بین الاقوامی سطح پر اہم ذمہ داریاں ملنا حوصلہ افزا ہے اور یہ ملک کے لیے باعث فخر ہے۔پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی نے بھی اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کمیٹیوں میں پاکستانی نمائندوں کی شمولیت پاکستان ٹینس کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے عالمی ٹینس میں پاکستان کا کردار مزید مضبوط ہوگا اور خطے میں کھیل کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔پی ٹی ایف کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ضیاء الدین طفیل نے تمام عہدیداروں کو تقرریوں پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے کامیابی کی دعا کی اور کہا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اہم خدمات انجام دیں گے۔








