آبنائے ہرمز بحران ،اقوام متحد ہ میں چین کافریقین سے فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ
آبنائے ہرمز بحران ،اقوام متحد ہ میں چین کافریقین سے فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ
اقوام متحدہ ۔2مئی (اے پی پی):چین کے مستقل مندوب فو کانگ نے آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والے بحران کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف غیر قانونی فوجی کارروائیوں نے صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے فوری، جامع اور دیرپا جنگ بندی ناگزیر ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو جلد از جلد کھولا جانا چاہیے اور جنگ بندی کو عارضی بنانے یا دوبارہ حملوں کی باتیں تشویش کا باعث ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خلیجی خطے اور مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے تمام فریقین کو سنجیدہ مذاکرات کی طرف آنا ہوگا۔فو کانگ نے کہا کہ ایران کو آبنائے ہرمز پر عائد پابندیاں ختم کرنی چاہئیں جبکہ امریکا کو اپنی بحری ناکہ بندی واپس لینی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنگ بندی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور دونوں فریقین کے درمیان نیک نیتی سے بات چیت ہونی چاہیے۔چین نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کی ثالثی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنازعات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کوئی بھی ایسا اقدام جو جنگ بندی کو نقصان پہنچائے، مزید کشیدگی اور تصادم کا باعث بن سکتا ہے۔چینی سفیر نے بعض امریکی حکام کی جانب سے چین اور ایران کے درمیان عسکری تعاون کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مئی کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت چین کے پاس ہے اور 26 مئی کو چینی وزیر خارجہ وانگ یی کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں عالمی امن و سلامتی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر بحث کی جائے گی۔









