آرسنل کی چیمپئنز لیگ میں اہم فتح، کائی ہاورٹز کا بڑے اعزازات جیتنے کا عزم

آرسنل فٹ بال کلب کے سٹار کھلاڑی کائی ہاورٹز نے چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میچ میں سپورٹنگ لزبن کے خلاف شاندار کامیابی کے بعد کہا ہے کہ ان کی ٹیم بڑے ٹائٹل جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

لزبن۔8اپریل (اے پی پی):آرسنل فٹ بال کلب کے سٹار کھلاڑی کائی ہاورٹز نے چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میچ میں سپورٹنگ لزبن کے خلاف شاندار کامیابی کے بعد کہا ہے کہ ان کی ٹیم بڑے ٹائٹل جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ای ایس پی این کے مطابق پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں کائی ہاورٹز نے متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آکر کھیل کے آخری لمحات میں گول کر کے اپنی ٹیم کو حریف میزبان ٹیم سپورٹنگ لزبن کے خلاف 0-1 سے فتح دلائی۔ اس جیت کے ساتھ ہی آرسنل نے یورپ کے سب سے بڑے مقابلے کے سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن کر لی ہیں۔

یہ کامیابی آرسنل کے لئے اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ حال ہی میں انہیں مقامی مقابلوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، جہاں انہیں مانچسٹر سٹی کے ہاتھوں کاراباؤ کپ کے فائنل اور ساؤتھمپٹن کے ہاتھوں ایف اے کپ میں شکست ہوئی تھی۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کائی ہاورٹز نے کہا کہ گزستہ دو میچوں میں ہار کے بعد یہ فتح ٹیم کے لئے بہت ضروری تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیزن کے آخری 7ہفتے باقی ہیں اور وہ ٹرافیوں کے حصول کے لئے جی جان لڑا دیں گے۔ آرسنل کے منیجر مائیکل آرٹیٹا نے بھی اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت کے بعد کھلاڑیوں نے ایک بار پھر اپنی شناخت ثابت کر دی ہے۔ کائی ہاورٹز نے خاص طور پر گول کیپر ڈیوڈ رایا کی تعریف کی جنہوں نے میچ کے دوران کئی یقینی گول بچا کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔