اتحاد علما اہل سنت پاکستان نے جمعۃالمبارک کو ملک بھر میں یومِ تحفظِ حرمین شریفین کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا

اتحاد علما اہل سنت پاکستان کے مرکزی سرپرست اعلی حافظ اسعد عبید، مرکزی صدرمولانا عبدالرئوف فاروقی، مرکزی نائب صدر مولانا ڈاکٹر سرفراز اعوان،مولاناحافظ محمد نعمان حامد جالندھری

لاہور۔23ستمبر (اے پی پی):اتحاد علما اہل سنت پاکستان کے مرکزی سرپرست اعلی حافظ اسعد عبید، مرکزی صدرمولانا عبدالرئوف فاروقی، مرکزی نائب صدر مولانا ڈاکٹر سرفراز اعوان،مولاناحافظ محمد نعمان حامد جالندھری، مولانا حافظ حسین احمد،مولاناقاری محمد رفیق وجھوی، مولانا سید فہیم الحسن تھانوی، حافظ مجیب الرحمن قادری، مولانا اسلم ندیم نقشبندی، مفتی ظہیر احمد ظہیراورمولانا قاسم احرارنے اپنے ایک مشترکہ بیان میں مشرقِ وسطی میں جاری جنگ، بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی اور سعودی عرب کی سرزمین پر ہونے والے حملوں پرشدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ جمعة المبارک 25ستمبر کو ملک بھر میں یومِ تحفظِ حرمین شریفین کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین پوری امتِ مسلمہ کے ایمان، عقیدت وحدت اور روحانی وابستگی کا مرکز ہیں،مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حرمت و تقدس، امن و سلامتی اور تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کاحصہ، دل کی آواز اور دینی ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے ملک بھر کے خطبا، علما و مشائخ، دینی مدارس ومساجد کی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطبات جمعہ میں تحفظِ حرمین شریفین کوخصوصی موضوع بناتے ہوئے حرمین شریفین کی عظمت وحرمت اور تقدس کو قرآن و سنت کی روشنی میں اجاگر اورمسلمانوں کے دلوں میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی محبت اور عقیدت کو مزید مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے امن و تحفظ کی اہمیت اور اس سلسلہ میں امتِ مسلمہ کی ذمہ داریوں کو واضح کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، امن و سلامتی کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں اورحرمین شریفین اور مسلم ممالک کے خلاف کسی بھی جارحانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے امن، عدل اور باہمی احترام کا پیغام دیں اورامتِ مسلمہ کو اتحاد، اخوت اور باہمی اتفاق کی طرف متوجہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں غیر مصدقہ خبروں، افواہوں اور اشتعال انگیز مواد سے اجتناب کی تلقین کریں اور حرمین شریفین، سعودی عرب، پاکستان اور پوری امتِ مسلمہ کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کرائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ25ستمبر کو یومِ تحفظِ حرمین شریفین کسی قوم، ملک یا مذہب کے خلاف نفرت پیدا کرنے کے لیے نہیں بلکہ حرمین شریفین کی حرمت و تقدس، امتِ مسلمہ کے اتحاد، مسلم ممالک کے امن اور پوری دنیا میں قیامِ امن کے عزم کی تجدید کے لیے منایا جائے گا۔

مزید خبریں