اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):چائنا میڈیا گروپ کے فلاحی تعلیمی پروگرام ’’سائنس آن ویلز‘‘ کے تحت اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وزارتِ تعلیم کے حکام ، اساتذہ، ماہرینِ تعلیم، اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔یہ پروگرام چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے سائنسی علوم کو عام کرنے اور تعلیم کے فروغ کے لیے ایک نمایاں قدم ہے۔ …
اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز میں’’سائنس آن ویلز‘‘ کے تحت تقریب

مزید خبریں
اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):چائنا میڈیا گروپ کے فلاحی تعلیمی پروگرام ’’سائنس آن ویلز‘‘ کے تحت اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وزارتِ تعلیم کے حکام ، اساتذہ، ماہرینِ تعلیم، اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔یہ پروگرام چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے سائنسی علوم کو عام کرنے اور تعلیم کے فروغ کے لیے ایک نمایاں قدم ہے۔ اس کا مقصد ایسے بچوں تک جدید علوم کے مواقع پہنچانا ہے جو مالی مشکلات کے باعث اپنا تعلیمی سفر مکمل نہیں کر پاتے۔ ’’سائنس آن ویلز‘‘ کے تحت مختلف علاقوں میں خصوصی سائنسی کاروان وین کے ذریعے دلچسپ اور معلوماتی فلمیں دکھا کر بچوں میں سائنس اور ٹیکنالوجی سے دلچسپی پیدا کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر توقیر احمد خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’سائنس آن ویلز‘‘ جیسے پروگرام پاکستان کے نونہالوں میں سائنسی سوچ اور تحقیق کا جذبہ پروان چڑھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں کیونکہ علم ہی ترقی کا زینہ ہے۔سابق ڈائریکٹر جنرل، وزارتِ تعلیم اور چین میں پاکستان ایمبیسی کالج کے معلم ڈاکٹر محمد طارق نے کہا کہ چائنا میڈیا گروپ کا یہ اقدام پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات میں تعلیمی اشتراک کا ایک خوبصورت باب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام اُن بچوں کے لیے امید کی کرن ہے جو وسائل کی کمی کے باعث معیاری تعلیم سے دور ہیں۔ سائنس آن ویلز” جیسے اقدامات انہیں نہ صرف حوصلہ دیتے ہیں بلکہ مستقبل کے بہتر مواقع سے بھی روشناس کراتے ہیں۔
اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز کی پرنسپل رخسانہ شاہد نے کہا کہ اس پروگرام نے طلبہ میں سائنس کے بارے میں تجسس اور جستجو کو نئی توانائی بخشی ہے۔ انہوں نے چائنا میڈیا گروپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تعلیمی اقدامات سے نوجوان نسل کے اعتماد میں اضافہ اور ان کے علمی افق میں وسعت پیدا ہوتی ہے۔نمائندہ، سی ایم جی اردو سروس وانگ بنگ شیا (عفت) نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’سائنس آن ویلز‘‘ پروگرام کا بنیادی مقصد بچوں کو جدید سائنسی علوم اور ان کی عملی افادیت سے آگاہ کرنا ہے
۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم میں ٹیکنالوجی کے استعمال اور سائنسی سوچ کو فروغ دینا مستقبل میں ترقی کی بنیاد ہے، اور یہی پیغام چائنا میڈیا گروپ پاکستان کے طلبہ تک پہنچانا چاہتا ہے۔تقریب کے اختتام پر بچوں کو ’’کاروان وین‘‘ کے ذریعے مختلف دلچسپ سائنسی فلمز دکھائی گئیں جنہیں طلبہ نے نہایت دلچسپی سے دیکھا۔ پروگرام کے شرکا نے چائنا میڈیا گروپ کی اس کاوش کو علم، تعاون، اور دوستی کے فروغ کی شاندار مثال قرار دیا۔








