اسلام آباد ۔ 6 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو ہیپاٹائٹس سی اور ٹی بی فری بنانے کےلئے عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، پہلی مرتبہ اسلام آباد کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر متعدی امراض کی روک تھام کےلئے ٹی بی اور ہیپاٹائٹس سی کے حوالہ سے سکریننگ اور ٹیسٹنگ …
اسلام آباد کو ہیپاٹائٹس سی اور ٹی بی فری بنانے کےلئے عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے،وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 6 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو ہیپاٹائٹس سی اور ٹی بی فری بنانے کےلئے عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، پہلی مرتبہ اسلام آباد کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر متعدی امراض کی روک تھام کےلئے ٹی بی اور ہیپاٹائٹس سی کے حوالہ سے سکریننگ اور ٹیسٹنگ کی جائے گی اور جو افراد ہیپاٹائٹس سی کے وائرس یا ٹی بی کے مرض میں مبتلا ہوں گے انہیں معیاری علاج کےلئے جی سیون تھری میں وزارت صحت کی طرف سے قائم ماڈل سنٹر ریفر کیا جائے گا۔ یہ بات بدھ کو انہوں نے کچی آبادی فرانس کالونی میں متعدی امراض کی روک تھام کےلئے ہیپاٹائٹس سی اور ٹی بی کے مریضوں کی فری سکریننگ، ٹیسٹنگ کیمپ کے اجراءکے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر صحت نے کہا کہ ماڈل سنٹر میں جدید ترین تشخیصی مشینری موجود ہے اور وہاں پر ہیپاٹائٹس سی اور ٹی بی کے مریضوں کا کھائی جانے والی ادویات سے علاج کیا جائے گا اور ان ادویات سے صحت یابی کی شرح 95 فےصد ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے اس کیمپ اور ماڈل سنٹر کے قیام کا مقصد متعدی امراض میں مبتلا افراد کو ایک ہی چھت تلے معیاری ٹیسٹنگ اور سکریننگ کی سہولیات فراہم کرنا ہے، آج سے فرانس کالونی کچی آبادی میں متعدی امراض کی روک تھام کےلئے سکریننگ اور ٹیسٹنگ کا باقاعدہ عمل شروع کر دیا گیا ہے، متحرک تربیت یافتہ ٹیمیں گھر گھر جا کر ہیپاٹائٹس سی اور ٹی بی کی سکریننگ اور ٹیسٹنگ کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کا تین مہینوں کا علاج ایسی دوائیوں سے کیا جائے جن کے کوئی مضر اثرات نہیں ہیں، ہیپاٹائٹس سی کا علاج کرانے والوں کو ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین بھی لگائی جائے گی اور ٹی بی کے مریضوں کا علاج بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عملہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کے علاج معالجہ کو یقینی بنائے گا۔ اس ضمن میں زیادہ مریضوں کے اعداد و شمار کےلئے فعال ترین سافٹ ویئر اور ڈیٹابیس استعمال کیا جائے گا۔ اسلام آباد کی کچی آبادیوں میں ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کی سکریننگ اور ٹیسٹنگ کے علاوہ بھرپور آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔








