اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتو نیو گوتریش نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جاری 10 روزہ جنگ بندی میں مزید تین ہفتوں کی توسیع کا خیرمقدم کیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری رکھا جا سکے۔
اقوامِ متحدہ کا لبنان۔اسرائیل جنگ بندی میں توسیع کا خیرمقدم

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔25اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتو نیو گوتریش نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جاری 10 روزہ جنگ بندی میں مزید تین ہفتوں کی توسیع کا خیرمقدم کیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری رکھا جا سکے۔
شنہوا کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک کے مطابق سیکریٹری جنرل نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کا مکمل احترام کریں، مزید حملوں سے گریز کریں اور ہر صورت بین الاقوامی قانون، خصوصاً انسانی ہمدردی کے قوانین کی پاسداری کریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ دونوں جانب کی سرحد، جسے "بلیو لائن” کہا جاتا ہے، کے قریب آباد کمیونٹیز کے مصائب کم کرنے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے جاری تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
سیکرٹری جنرل نےحزب ا للہ اور دیگر غیر ریاستی عناصر پر بھی زور دیا کہ وہ لبنانی حکومت کے فیصلوں کا احترام کریں اور ریاستی رٹ کے قیام میں تعاون کریں، جبکہ اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بلیو لائن کے شمالی حصے سے مکمل انخلا کرے اور لبنان کی خودمختاری کا احترام کرے۔بیان کے مطابق سیکرٹری جنرل کو امید ہے کہ جنگ بندی میں یہ توسیع خطے میں پائیدار اور جامع امن کے قیام کی کوششوں کو تقویت دے گی۔








