امریکا کے ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکرٹری مارکوین مولن نے خبردار کیا ہے کہ جاری جزوی شٹ ڈاؤن کے باعث محکمے کے پاس ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے فنڈز مئی کے پہلے ہفتے تک ختم ہو سکتے ہیں۔
امریکا میں جزوی شٹ ڈاؤن، محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے پاس تنخواہوں کے لیے فنڈز ختم ہونے کا خدشہ

مزید خبریں
واشنگٹن ۔22اپریل (اے پی پی):امریکا کے ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکرٹری مارکوین مولن نے خبردار کیا ہے کہ جاری جزوی شٹ ڈاؤن کے باعث محکمے کے پاس ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے فنڈز مئی کے پہلے ہفتے تک ختم ہو سکتے ہیں۔شنہوا کے مطابق انہوں نے بتایا کہ محکمہ گزشتہ موسمِ گرما میں کانگریس کی جانب سے منظور کیے گئے بجٹ سے تنخواہیں ادا کر رہا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں فنڈز تیزی سے ختم ہو رہے ہیں۔امریکی سیکرٹری کے مطابق ہر دو ہفتوں میں تقریباً 1.6 ارب ڈالر تنخواہوں کی مد میں ادا کیے جاتے ہیں ، اور اب صرف ایک پے رول باقی رہ گیا ہے، جس کے بعد ہنگامی فنڈز بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔
اس صورتحال کا سب سے زیادہ اثر ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے اہلکاروں پر پڑ سکتا ہے، جو پہلے ہی ایک ماہ سے زائد عرصے تک بغیر تنخواہ کام کر چکے ہیں۔ حکام کے مطابق اس کے باعث ہوائی اڈوں پر سکیورٹی چیکنگ کے دوران طویل قطاریں اور غیر حاضری میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مارچ میں ایک صدارتی حکم کے ذریعے ٹی ایس اے ملازمین کو ادائیگی کی ہدایت کی تھی، تاہم فنڈز کی کمی کے باعث یہ سہولت دوبارہ متاثر ہو سکتی ہے۔








