امریکا میں پاکستان کے سفیر کی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سے ملاقات

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین برائن ماسٹ سے ملاقات کی

واشنگٹن ۔30اپریل (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین برائن ماسٹ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان کے سفیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر بتایا کہ ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جس میں مشرق وسطیٰ سمیت خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔ملاقات کے دوران فریقین نے عالمی اور علاقائی صورتحال پر وسیع تبادلہ خیال کیا اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔پاکستانی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان مکالمے کے فروغ اور امن کے قیام میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ فریقین نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک ممکنہ روڈ میپ پر بھی غور کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔