امریکی سٹاک مارکیٹ میں تیزی ترقی کرتی ہوئی معیشت کا ثبوت ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی سٹاک مارکیٹ میں تیزی ترقی کرتی ہوئی معیشت کا ثبوت ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن ۔7مئی (اے پی پی):صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی سٹاک مارکیٹ میں تیزی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بچت اور ملازمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ بی بی سی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ امریکی جنگ کے دوران وال سٹریٹ میں ریکارڈ توڑ اضافے کو ایک بار پھر ترقی کرتی ہوئی معیشت کا ثبوت قرار دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایکس پر شیئر کی گئی پوسٹ میں امریکی صدر نے کہا ہےکہ آج سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، بچت اور ملازمتیں بڑھ رہی ہیں۔

جمعرات کو ایس اینڈ پی 500 اور نیسڈیک کمپوزٹ دونوں ریکارڈ سطح پر بند ہوئے ، جہاں بالترتیب 1.46 فیصد اور2 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ اضافہ زیادہ تر ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے وابستہ حصص میں تیزی کے باعث ہوا۔ ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج میں بھی ایک فیصد سے زائد اضافہ ہوا اور یہ اپنی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گیا۔ان اضافوں کی وجہ سرمایہ کاروں میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان ممکنہ امن مذاکرات میں پیش رفت کی امید کو قرار دیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی تیل کی قیمتوں میں کمی آئی۔

تاہم ٹرمپ کی جانب سے ترقی کرتی معیشت کے دعوؤں کے باوجود، امریکا میں پٹرول کی قومی اوسط قیمت کئی برسوں کی بلند ترین سطح پر 4.48 ڈالر فی گیلن (3.78 لیٹر) ہے اور صرف دو ہفتوں میں اس میں 11 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔امریکی فیڈرل ریزرو نے گزشتہ ماہ جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا تھا کہ خوراک اور توانائی سے متعلق مہنگائی کے حوالے سے امریکی گھریلو توقعات 2022 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔

مزید خبریں