انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ اور ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائرز کے بعد نئی عالمی رینکنگ جاری کر دی ۔ جس میں مختلف ٹیموں کی پوزیشنز میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔مردوں کی رینکنگ میں نیدرلینڈز 3460 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ بیلجیم 3453 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہے۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ اور ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائرز کے بعد نئی عالمی رینکنگ جاری کر دی
لاہور۔16مارچ (اے پی پی):انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ اور ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائرز کے بعد نئی عالمی رینکنگ جاری کر دی ۔ جس میں مختلف ٹیموں کی پوزیشنز میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔مردوں کی رینکنگ میں نیدرلینڈز 3460 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ بیلجیم 3453 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہے۔ آسٹریلیا ایک درجہ ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ انگلینڈ تین درجے بہتری کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ ارجنٹینا پانچویں اور جرمنی چھٹے نمبر پر ہے جبکہ اسپین اور بھارت بالترتیب ساتویں اور آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔آئرلینڈ دو درجے ترقی کے بعد نویں نمبر پر آ گیا ہے جبکہ فرانس ایک درجہ تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ گیارہویں نمبر پر چلا گیا ہے۔ پاکستان نے اسماعیلیہ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائرز میں چار فتوحات حاصل کر کے دو درجے ترقی کی اور اب وہ بارہویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
جنوبی افریقہ تیرہویں نمبر پر ہے جبکہ جاپان نمایاں ترقی کرتے ہوئے اٹھارہویں سے چودھویں نمبر پر آ گیا ہے۔ملائیشیا پندرہویں، ویلز سولہویں، اسکاٹ لینڈ سترہویں اور مصر اٹھارہویں نمبر پر ہیں جبکہ کینیڈا انیسویں نمبر پر برقرار ہے۔ چین بیسویں، چلی اکیسویں، پولینڈ بائیسویں، کوریا تیئسویں، آسٹریا چوبیسویں اور امریکا پچیسویں نمبر پر موجود ہیں۔خواتین کی رینکنگ میں ٹاپ پانچ ٹیموں کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ نیدرلینڈز بدستور پہلے نمبر پر ہے جبکہ ارجنٹینا دوسرے، بیلجیم تیسرے، چین چوتھے اور اسپین پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ انگلینڈ دو درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گیا ہے جبکہ جرمنی ساتویں نمبر پر برقرار ہے۔
آسٹریلیا دو درجے تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر چلا گیا ہے۔بھارت نویں اور نیوزی لینڈ دسویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ چلی نمایاں بہتری کے ساتھ پندرہویں سے گیارہویں نمبر پر پہنچ کر اپنی تاریخ کی بہترین رینکنگ حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ امریکا بارہویں نمبر پر آ گیا ہے جبکہ آئرلینڈ تیرہویں نمبر پر برقرار ہے۔ اسکاٹ لینڈ ایک درجہ ترقی کے بعد چودھویں نمبر پر ہے جبکہ جاپان تین درجے تنزلی کے بعد پندرھویں نمبر پر آ گیا ہے۔
فرانس سولہویں اور یوراگوئے سترہویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ کوریا تین درجے تنزلی کے بعد اٹھارویں نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقہ انیسویں اور اٹلی بیسویں نمبر پر موجود ہیں۔ایف آئی ایچ کے مطابق عالمی رینکنگ کا نظام ایلو ریٹنگ سسٹم پر مبنی ہے جس میں ٹیموں کے درمیان ہر میچ کے بعد پوائنٹس کا تبادلہ ہوتا ہے۔ پوائنٹس کا انحصار میچ کے نتیجے، ٹیموں کی رینکنگ اور مقابلے کی اہمیت پر ہوتا ہے جبکہ اعلیٰ درجہ بندی والی ٹیم کو شکست دینے پر زیادہ پوائنٹس ملتے ہیں۔









