انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھارت، زمبابوے، یو اے ای اور آئرلینڈ نے اپنے اپنے میچ جیت لئے

سینٹ کٹس۔16جنوری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھارت نے جنوبی افریقہ، زمبابوے نے پاپوا نیو گنی، یو اے ای نے کینیڈا اور آئرلینڈ نے یوگنڈا کو شکست دے دی۔ انڈر 19 ورلڈ کپ کے 14ویں ایڈیشن کے دلچسپ مقابلے ویسٹ انڈیز میں جاری ہیں۔ گروپ بی کے اہم میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 45 رنز سے شکست دے دی۔ بھارت انڈر 19 نے …

سینٹ کٹس۔16جنوری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھارت نے جنوبی افریقہ، زمبابوے نے پاپوا نیو گنی، یو اے ای نے کینیڈا اور آئرلینڈ نے یوگنڈا کو شکست دے دی۔ انڈر 19 ورلڈ کپ کے 14ویں ایڈیشن کے دلچسپ مقابلے ویسٹ انڈیز میں جاری ہیں۔ گروپ بی کے اہم میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 45 رنز سے شکست دے دی۔ بھارت انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تمام وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔

کپتان یش دھول نے 82 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 45.4 اوورز میں 187 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ ڈیوالڈ بریوس 65 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ بھارت کی جانب سے وکی اوستال نے پانچ اور راج باوا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ وکی اوستال کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ گروپ بی کے دوسرے میچ میں آئرلینڈ نے یوگنڈا کو 39 رنز سے ہرا دیا۔

فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے۔ جوشوا کاکس نے 111 رنزکی عمدہ اننگز کھیلی۔ یوگنڈا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 48.1 اوورز میں 197 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ کپتان پاسکل مرونگی 63 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جوشوا کاکس کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ گروپ اے کے میچ میں یو اے ای نے کینیڈا کو 49 رنز سے ہرا دیا، یو اے ای نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے۔

علی نصیر نے 73 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ کینیڈا کی ٹیم ہدف کا تعاقب نہ کر سکی اور پوری ٹیم 235 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ کپتان مہر پٹیل نے 96 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ گروپ سی کے میچ میں زمبابوے نے پاپوا نیو گنی کو 228 رنز کے واضح مارجن سے ہرا دیا، زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے

، کپتان ایمانوئل باوا نے 100 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، پاپوا نیو گنی کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 35 اوورز میں 93 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ایمانوئل باوا کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔