انگلینڈ نے 23 ویں فیفا ورلڈ کپ میں فرانس کو 4-6 سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی، ایمباپے ورلڈ کپ تاریخ کے سب سے کامیاب سکورر بن گئے

انگلینڈ نے 23 ویں فیفا ورلڈ کپ 2026میں تیسری پوزیشن کے میچ میں سنسنی خیز اور تاریخی مقابلے میں فرانس کو 4-6 سے شکست دے دی۔شنہوا کے مطابق انگلینڈ کی 1966 میں ٹرافی جیتنے کے بعد ٹورنامنٹ میں یہ بہترین پوزیشن ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا یہ میچ 1982 کے بعد ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے زیادہ گولز والا میچ بھی بن گیا ہے

میامی۔19جولائی (اے پی پی):انگلینڈ نے 23 ویں فیفا ورلڈ کپ 2026میں تیسری پوزیشن کے میچ میں سنسنی خیز اور تاریخی مقابلے میں فرانس کو 4-6 سے شکست دے دی۔شنہوا کے مطابق انگلینڈ کی 1966 میں ٹرافی جیتنے کے بعد ٹورنامنٹ میں یہ بہترین پوزیشن ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا یہ میچ 1982 کے بعد ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے زیادہ گولز والا میچ بھی بن گیا ہے۔ اس میچ میں فرانس کے سٹار کھلاڑی اور کپتان کیلین ایمباپے نے 2 گول سکور کر کے گولڈن بوٹ کی ریس میں لیونل میسی پر 2 گولز کی برتری حاصل کر لی اور وہ 22 گولز کے ساتھ میسی کا ریکارڈ توڑ کر ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔میچ کے پہلے ہاف میں انگلش ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 0-4 کی مضبوط برتری حاصل کر لی تھی جس میں بوکایو ساکا کی ہیٹ ٹرک شامل رہی۔ میچ کے آغاز کے محض تیسرے ہی منٹ میں ڈیکلان رائس نے گول کر کے انگلینڈ کو فرانس پر 0-1 کی برتری دلادی جس کے بعد 18 ویں منٹ میں ایزری کونسا نے ہیڈر کے ذریعے گول کر کے برتری 0-2 کر دی۔ 37 ویں منٹ اور پھر ہاف ٹائم سے ٹھیک پہلے بوکایو ساکا نے مزید 2 گول داغ کر ٹیم کو 0-4 کی پوزیشن پر پہنچا دیا۔ فرانسیسی ٹیم نے دوسرے ہاف میں زبردست واپسی کی جہاں کیلین ایمباپے نے 48 ویں اور 66 ویں منٹ میں 2 گول کیے جبکہ بریڈلے بارکولا نے 54 ویں منٹ میں گول کر کے خسارہ 3-4 کر دیا۔ میچ کے 87 ویں منٹ میں انگلینڈ کو پنالٹی ملی جسے ساکا نے نہ صرف گول میں بدل کر دیا بلکہ اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی جبکہ اضافی وقت میں عثمان ڈیمبیلے نے فرانس کی طرف سے چوتھا گول سکور کیا۔ میچ کے 98 ویں منٹ میں جوڈ بیلنگہم نے انگلینڈ کے لیے چھٹا گول کر کے جیت پر مہر لگا دی۔ بیلنگہم نے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 7 گول سکور کیے جو کسی بھی انگلش کھلاڑی کا ایک ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گولز کا نیا ریکارڈ ہے۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیلین ایمباپے کا کہنا تھا کہ میچ کے دونوں ہاف بالکل مختلف تھے، پہلے ہاف میں ہم دباؤ کا شکار رہے لیکن دوسرے ہاف میں ہم نے شاندار کارکردگی دکھائی تاہم جیت نہ سکنے کا افسوس ہے۔ فرانسیسی ہیڈ کوچ ڈیڈیئر ڈیسچیمپس نے اس شرمناک شکست کی پوری ذمہ داری اپنے سر لیتے ہوئے کہا کہ پہلے ہاف میں ٹیم کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی لیکن دوسرے ہاف میں کھلاڑیوں نے بہترین فائٹ بیک کیا، تاہم تیسری پوزیشن نہ جیت پانے کا دکھ ضرور رہے گا۔ دوسری جانب انگلینڈ نے ہیری کین اور جوڈ بیلنگہم جیسے اہم کھلاڑیوں کو بینچ پر بٹھانے کے باوجود اس یادگار میچ میں فتح اپنے نام کی۔