انگلینڈ کے رگبی کھلاڑی جان گیڈ کو چار دہائیوں بعد انگلینڈ کی نمائندگی کا اعزاز مل گیا
انگلینڈ کے رگبی کھلاڑی جان گیڈ کو چار دہائیوں بعد انگلینڈ کی نمائندگی کا اعزاز مل گیا
لندن۔8اپریل (اے پی پی):انگلینڈ کے سابق رگبی کھلاڑی جان گیڈ کو بالآخر 44 سال بعد بین الاقوامی کیپ سے نواز دیا گیا، جس کے بعد انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کا خواب پورا ہو گیا ہے۔بی بی سی کے مطابق67 سالہ جان گیڈ نے 1982 اور 1983 میں فجی اور کینیڈا کے خلاف انگلینڈ کی نمائندگی کی تھی، تاہم اس وقت انہیں باضابطہ طور پر بین الاقوامی کھلاڑی تسلیم نہیں کیا گیا تھا۔رگبی فٹبال یونین کی جانب سے اب ایسے 47 کھلاڑیوں کو ماضی کے اعزازات دیتے ہوئے کیپس دی جا رہی ہیں، جنہیں اس وقت یہ اعزاز نہیں ملا تھا۔
اس اقدام کے تحت ان کھلاڑیوں کو تسلیم کیا جا رہا ہے جنہوں نے انگلینڈ کی بہترین ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔67 سالہ جان گیڈ نے کہا کہ ہر کھلاڑی کے لئے اپنے ملک کی نمائندگی کرنا سب سے بڑا اعزاز ہوتا ہے، اور اب انہیں خوشی ہے کہ ان کے بچے اور پوتے پوتیاں ریکارڈ میں ان کا نام دیکھ سکیں گے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے والدین اس دن کو دیکھنے کے لئے موجود نہیں، تاہم انہیں یقین ہے کہ ان کے اہل خانہ اس کامیابی پر فخر کریں گے ۔
جان گیڈ نے اپنے کیریئر میں گلاسٹر کلب کی نمائندگی کی اور انگلینڈ بی ٹیم کے ساتھ بھی کھیلے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں کچھ میچز کو باضابطہ بین الاقوامی درجہ حاصل نہیں تھا، جبکہ آج کے دور میں ایسے میچز پر بھی کیپ دی جاتی ہے۔رگبی فٹبال یونین کے مطابق اس حوالے سے ایک تقریب بھی منعقد کی جائے گی جبکہ مزید کھلاڑیوں اور ان کے خاندانوں سے رابطہ کرنے کی کوشش جاری ہے۔جان گیڈ نے کہا کہ انہیں لگا تھا کہ اب یہ موقع گزر چکا ہے، مگر اتنے برس بعد یہ اعزاز ملنا ان کے لئے ایک ناقابل یقین لمحہ ہے۔









