کراچی۔ 19 جنوری (اے پی پی):پاکستان ہاکی ٹیم عمان میں جاری اولمپک کوالیفائر ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔ پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیموں کے درمیان میچ مقررہ وقت تک 3-3 گول سے برابر رہا ، پاکستان نے پول میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے درجے پر رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ صدر پی ایچ ایف میر طارق حسین بگٹی کی جانب سے پاکستان ٹیم سمیت …
اولمپک کوالیفائر ایونٹ ،پاکستان ہاکی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی

مزید خبریں
کراچی۔ 19 جنوری (اے پی پی):پاکستان ہاکی ٹیم عمان میں جاری اولمپک کوالیفائر ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔ پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیموں کے درمیان میچ مقررہ وقت تک 3-3 گول سے برابر رہا ، پاکستان نے پول میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے درجے پر رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ صدر پی ایچ ایف میر طارق حسین بگٹی کی جانب سے پاکستان ٹیم سمیت پوری قوم اور وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کو مبارکباد، عماد شکیل بٹ عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار پائے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن سے جمعہ کو یہاں جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اولمپک کوالیفائرایونٹ میں سیمی فائنل میں جگہ بنالی، پاکستان اور ملائیشیا کے مابین پول کا آخری میچ 3-3 گول سے برابری پر ختم ہوگیا ۔ ملائیشیا کی جانب سے صاری فطری،ابوکمال اور فرحان اشعری نے ایک ایک گول سکورکیا جبکہ پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے پینلٹی کارنر جبکہ عماد شکیل بٹ اور رانا عبدالوحید نے فیلڈ گول سکور کئے۔ پاکستان ہاکی ٹیم پول میں چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جبکہ برطانوی ٹیم پول میں پہلے نمبر پر رہی۔
پول بی میں جرمنی پہلے اور نیوزی لینڈ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان کے کپتان عماد شکیل بٹ مین آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستان کے گول کیپر عبداللہ اشتیاق خان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کئی یقینی گول بچائے ۔ عبداللہ اشتیاق خان نے ملائیشیا کے خلاف پینلٹی سٹروک روک کر پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی ٹیم جرمنی کے خلاف 20 جنوری کو اولمپک کوالیفائر سیمی فائنل میچ میں مد مقابل ہوگی جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 7 بجے شروع ہوگا۔
صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن میر طارق حسین بگٹی نے پاکستان ہاکی ٹیم کی اولمپک کوالیفائر کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر پاکستان ہاکی ٹیم سمیت پوری قوم اور بالخصوص وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ ، وفاقی وزیر فواد حسن فواد وزارت بین الصوبائی رابطہ اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ شعیب کھوسو کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔








