ایس ای سی پی نے نیا ناظم آباد اپارٹمنٹس ریٹ کی پبلک آفرنگ کی منظوری دے دی

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے نیا ناظم آباد اپارٹمنٹس ریٹ کے یونٹس کی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ کی منظوری دے دی ہے

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے نیا ناظم آباد اپارٹمنٹس ریٹ کے یونٹس کی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ کی منظوری دے دی ہے۔ منگل کو ایس ای سی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رواں سال کاروباری اداروں کی جانب سے نئے منصوبوں اور کاروباری توسیع کے لیے سٹاک مارکیٹ سے سرمایہ حاصل کرنے کے رجحان میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی، توانائی، فوڈ، زراعت اور رئیل اسٹیٹ سمیت مختلف شعبوں کے کاروباری اداروں نے سرمایہ کے حصول کے لیے اسٹاک مارکیٹ کا رخ کیا ہے۔ نیا ناظم آباد کی پبلک آفرنگ رواں سال پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 13ویں پبلک لسٹنگ ہوگی۔پبلک آفرنگ میں نیا ناظم آباد کے 4 کروڑ 40 لاکھ 60 ہزار یونٹس پیش کیے جائیں گے، جو ریٹ سکیم کے مجموعی یونٹس کا 15 فیصد ہیں۔ آفرنگ بک بلڈنگ کے ذریعے کی جائے گی، جس میں 75 فیصد یونٹس ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور ہائی نیٹ ورتھ افراد جبکہ 25 فیصد ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے مختص ہوں گے۔نیا ناظم آباد ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ ریگولیشنز کے تحت قائم ایک کلوزڈ اینڈ ڈیولپمنٹل ریٹ ہے۔ سکیم میں کمرشل، ریٹیل اور رہائشی یونٹس تعمیر کیے جا رہے ہیں، جن کی فروخت سے یونٹ ہولڈرز کے لیے منافع حاصل کیا جائے گا۔پاکستان میں اس وقت 29 رجسٹرڈ ریٹ سکیمیں موجود ہیں، جن میں سے چھ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ ہیں۔ نیا ناظم آباد اپارٹمنٹس ریٹ کی لسٹنگ کے بعد یہ سٹاک ایکسچینج پر لسٹ ہونے والا ساتوایں ریٹ ہوگی۔ چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ مارکیٹ میں پبلک آفرنگز کا تسلسل سرمائے کے حصول کے لیے کمپنیوں کی جانب سے کیپٹل مارکیٹ کے استعمال کے رجحان کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط کپیٹل مارکیٹ عوام کی بچتوں کو پیداواری سرمایہ کاری کی طرف منتقل کرنے اور کاروباری اداروں کو طویل مدتی فنانسنگ کے ذرائع فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی کمپنیوں کے لیے کپیٹل مارکیٹ سے سرمایہ کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنانے، وقت اور لاگت میں کمی، شفافیت اور پرائس ڈسکوری میں بہتری کے لیے مزید اصلاحات کر رہا ہے۔