این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی مارچ اور ستمبر کے دوران گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے سیلاب کے خطرات بارے ایڈوائزری جاری کر دی

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے مارچ سے ستمبر 2026 کے دوران بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث ممکنہ گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے سیلاب (گلاف) کے خطرات سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق موسمیاتی پیٹرن میں تبدیلی اور شمالی علاقوں میں ممکنہ ابتدائی ہیٹ ویو کے …

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے مارچ سے ستمبر 2026 کے دوران بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث ممکنہ گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے سیلاب (گلاف) کے خطرات سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق موسمیاتی پیٹرن میں تبدیلی اور شمالی علاقوں میں ممکنہ ابتدائی ہیٹ ویو کے باعث مارچ تا جون درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے، جس سے برف اور گلیشیئر تیزی سے پگھل سکتے ہیں۔ اس صورتحال کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں، جو نشیبی علاقوں میں اچانک سیلاب کا سبب بن کر آبادیوں، گھروں، زرعی اراضی، بنیادی ڈھانچے اور مواصلاتی نظام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، جبکہ انسانی جانوں کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے احمد آباد، فیض آباد، مجاور، وادی اشکومن، گلکن، گلمت، بوبر اور ہندس سمیت متعدد علاقے ممکنہ طور پر متاثر ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے ریشون، کمراٹ، یارخن ویلی، لشٹ، استاچ، ڈزق اور بریپ میں بھی گلیشیائی جھیلوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ترجمان کے مطابق گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے، جی بی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہنگامی انخلا کے منصوبوں کا ازسرنو جائزہ لیں، پیشگی انتباہی نظام فعال رکھیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل رکھیں۔این ڈی ایم اے نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ موسم سے متعلق مستند معلومات پر نظر رکھیں، دریاؤں اور گلیشیائی ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں۔ بروقت معلومات اور الرٹس کے لیے شہری “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” موبائل ایپ اور سرکاری پلیٹ فارمز سے رہنمائی حاصل کریں۔