باغ جناح لاہور،آر ایل کے گروپ آئی ٹی ایف ماسٹرز ٹینس چمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح، سینئرز ٹینس کے سنسنی خیز ایونٹ کا آغاز

لاہور۔24مارچ (اے پی پی):پنجاب ٹینس اکیڈمی، باغ جناح لاہور میں ایک پروقار تقریب کے ساتھ ’آر ایل کے گروپ آئی ٹی ایف ماسٹرز ٹینس چمپئن شپ 2026 (ایم ٹی 200)کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جو کہ سینئرز ٹینس کے ایک سنسنی خیز بین الاقوامی ایونٹ کا آغاز ہے۔اس چمپئن شپ میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں تجربہ کار کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جو مختلف عمر کے زمروں …

لاہور۔24مارچ (اے پی پی):پنجاب ٹینس اکیڈمی، باغ جناح لاہور میں ایک پروقار تقریب کے ساتھ ’آر ایل کے گروپ آئی ٹی ایف ماسٹرز ٹینس چمپئن شپ 2026 (ایم ٹی 200)کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جو کہ سینئرز ٹینس کے ایک سنسنی خیز بین الاقوامی ایونٹ کا آغاز ہے۔اس چمپئن شپ میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں تجربہ کار کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جو مختلف عمر کے زمروں میں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گے۔

یہ ایونٹ سینئر لیول پر ٹینس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاسی کرتا ہے اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو اپنی مہارت دکھانے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے۔افتتاحی تقریب کی مہمانِ خصوصی راشد لطیف سکول آف بزنس کی سی ای او اور راشد لطیف خان یونیورسٹی کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ زلیخا خان تھیں۔

تقریب میں ٹینس اور کھیلوں کی دنیا کی اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں حسن سعید (ڈائریکٹر فیکلٹی آف بزنس، راشد لطیف خان یونیورسٹی)، رشید ملک (سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ، پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن)، طارق مرتضی، طفیل چیمہ، عارف قریشی (ٹورنامنٹ ریفری)، کرنل (ر)آصف ڈار، سہیل ملک، نسیم احمد اور فہیم صدیقی شامل تھے۔تقریب میں کھلاڑیوں، کوچز، والدین اور میڈیا نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جو اس چمپئن شپ کی اہمیت اور عوامی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔ میچوں کے نتائ کے مطابق سینئرز 35+سنگلز فائنل میں عمران بھٹی نے ذاکر اللہ کو 1-6، 0-6 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

سینئرز 40+سنگلزمیں سلیمان جنید نے رانا ہمایوں جاوید کو 1-6، 0-6 سے شکست دی۔سینئرز 45+ سنگلز (سیمی فائنلز)میں ہادی حسین نے شہریار سلامت کو 2-6، 4-6 سے جبکہ ہیساشی ایزومی نے محمد اصغر کو 0-6، 3-6 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔سینئرز 50+سنگلز (سیمی فائنلز)میں قادر نواز نے حسن سعید کو 4-6، 2-6اور عشر علی خان نے جواد نور کو 0-6، 0-6سے شکست دی۔سینئرز 55+سنگلز (سیمی فائنلز) میں عرفان احمد نے عارف محمود کو 2-6، 1-6 سے جبکہ عارف فیروز نے خرم امتیاز کو 6-4، 0-6، 4-6 سے سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔سینئرز 60+سنگلز میں راشد ملک نے کامران قریشی کو یکطرفہ مقابلے میں 1-6، 0-6سے ہرا دیا۔

سینئرز 65+سنگلز فائنل میں بریگیڈیئر غضنفر نے حسیب بیگ کو 0-6، 1-6 سے ہرا کر کامیابی حاصل کی۔سینئرز 70+سنگلزمیں مبین ملک نے طفیل چیمہ کو 3-6، 2-6سے شکست دی۔سینئرز 75+سنگلز فائنل میں محمد سعید نے امتیاز ملک کو 2-6، 0-6 سے ہرا کر فائنل جیت لیا۔