بھارت دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن بن گیا

کولمبو/ احمد آباد۔8مارچ (اے پی پی):بھارت دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن بن گیا۔ اتوار کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 96 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا تاج اپنے سر سجا لیا۔بھارت کی جانب سے دیئے گئے 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن …

کولمبو/ احمد آباد۔8مارچ (اے پی پی):بھارت دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن بن گیا۔ اتوار کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 96 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا تاج اپنے سر سجا لیا۔بھارت کی جانب سے دیئے گئے 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ بھارتی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے کیوی ٹیم 19 اوورز میں محض 159 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ اوپنر ٹم سیفرٹ نے 26 گیندوں پر 52 رنز کی ہمت آزما اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

ان کے علاوہ مچل سینٹنر (43) اور ڈیرل مچل (17) ہی دہرے ہندسے میں داخل ہو سکے۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمرانے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 15 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اکشر پٹیل نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ورون چکرورتی، ہاردک پانڈیا اور ابھیشیک شرما نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا کیونکہ بھارتی بلے بازوں نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ بھارت کو ابھیشیک شرما اور سنجو سیمسن نے 7 اوورز میں 98 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔

ابھیشیک شرما 21 گیندوں پر 52 رنز بنا کر راچن رویندر کا شکار ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ابھیشیک کے آؤٹ ہونے کے بعد ایشان کشن نے سیمسن کا ساتھ دیا اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے صرف 47 گیندوں پر 105 رنز کی شراکت قائم کی۔ سنجو سیمسن 46 گیندوں پر 89 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، ان کی اننگز 8 چھکوں اور 5 چوکوں سے سجی تھی۔

ایشان کشن نے 25 گیندوں پر 54 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔جیمز نیشم نے ایک ہی اوور میں سیمسن، کشن اور کپتان سوریا کمار یادو (صفر) کو آؤٹ کر کے بھارتی بیٹنگ کو دھچکا پہنچایا، تاہم ہاردک پانڈیا (18) اور شیوم ڈوبے کی جارحانہ بیٹنگ نے اسکور 255 تک پہنچا دیا۔ ڈوبے نے محض 8 گیندوں پر 26 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز نیشم 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔