صوابی۔ 22 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر اس خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور قائداعظم کا یہی فرمان اس رشتے کی بنیاد ہے، کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ ایک سیون سٹار فلاحی ماڈل بن …
خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر،کشمیرآرفن ریلیف ٹرسٹ سیون سٹار فلاحی ماڈل بن چکا ہے،انجنیئرامیر مقام

مزید خبریں
صوابی۔ 22 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر اس خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور قائداعظم کا یہی فرمان اس رشتے کی بنیاد ہے، کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ ایک سیون سٹار فلاحی ماڈل بن چکا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی میں کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے جدید کمپلیکس کے دورہ اور یتیم بچوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ نے یتیم بچوں کو وہ سہولیات فراہم کی ہیں جن کا وہ تصور بھی نہیں کرسکتے تھے، یہ ادارہ ایک سیون سٹار فلاحی ماڈل بن چکا ہے۔
انہوں نے چیئرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ چوہدری محمد اختر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کارخیر میں جس نے بھی حصہ ڈالا ہے وہ قابل تعریف ہے اور ان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، انہوں نے کہا کہ شانگلہ میں سیلاب سے شدید زخمی ہونے والے بچے کی مدد کا ذاتی تجربہ بتاتا ہے کہ ایسے نیک کام انسان کو روحانی سکون عطا کرتے ہیں،انجینئرامیر مقام نے کہا کہ جموں و کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور قائداعظم کا یہی فرمان اس رشتے کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کا کشمیر کے ساتھ وابستہ ہونا اس کے مقصد اور نظریے کو مزید تقویت دیتا ہے، کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی خدمات انہیں وزیراعظم شہباز شریف کے دانش سکولوں کی یاد دلاتی ہیں، جہاں ملک کے غریب اور یتیم بچوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم، خوراک اور رہائش فراہم کی جاتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کہ یہاں تعلیم حاصل کرنے والے بچے کل پاکستان کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2005 زلزلہ کی تباہی اپنی آنکھوں سے دیکھی جس میں خیبر پختونخوا کے پانچ اضلاع اور آزاد کشمیر میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی، اب جب میں ان علاقوں کا وزٹ کرتا ہوں اور وہاں دوبارہ جو بحالی کے کام ہوئے اور وہاں نئی زندگی کا آغاز ہوا اس میں پوری قوم نے بھرپور تعاون کیا، انہوں نے کہا کہ زلزلے میں یتیم بچوں کی کفالت کےلئے آپ نے میر پور آزاد کشمیر سے سٹارٹ کیا اور اب خیبرپختونخوا میں بھی یہ ادارہ کام کررہا ہے ، 2005 کے زلزلے کے بعد سے قائم ہونے والا یہ ادارہ گزشتہ دو دہائیوں سے خدمت انسانیت میں مصروف عمل ہے، کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ نہ صرف بچوں کو خوراک، رہائش اور تعلیم فراہم کر رہا ہے بلکہ ان کی ذہنی، سماجی اور روحانی تربیت کا بھی بھرپور انتظام کرتا ہے.
انجینئرامیر مقام نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو مردہ سمجھ رہا تھا لیکن اب پوری دنیا اس کی اہمیت کو سمجھ گئی ہے، کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر اس خطے میں امن نہیں آسکتا، کشمیر کا مسئلہ جنگ کے ذریعے نہیں بلکہ بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو بھی اس بات کا احساس ہوگیا ہے کہ اس خطے میں امن کے لیے کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ضروری ہے، بھارت جتنا بھی چاہے مگر مسئلہ کشمیر کو نہ دبا سکتا ہے اور نہ ہی اس کو حل کئے بغیر ختم کرسکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کی سربراہی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت نے ملک کو مضبوط بنایا اور پاکستان کے تشخص کو پوری دنیا میں بلند کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پر جتنی بھی آفات اور مشکلات آئیں،اس میں خاکی وردی والوں کو دیکھا جو عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہوتے ہیں۔
انجینئرامیر مقام نے کہا کہ ہمیں ایک ساتھ چل کر پاکستان کےلئے کام کرنے کی ضرورت ہے،ہم سب ملکر اس ملک کی ترقی ،خوشحالی اور سلامتی کےلئے کام کرینگے تو وہ دن دور نہیں کہ ملک میں خوشحالی آئے گی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہوں نے ٹرسٹ کمپلیکس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔







