زاپوریژیا نیوکلیئر پلانٹ کے ریڈی ایشن لیبارٹری پر ڈرون حملہ، آئی اے ای اے کی تصدیق

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے کہا ہے کہ یوکرین میں واقع زاپوریژیا ایٹمی پاور پلانٹ کے ایک ریڈی ایشن لیبارٹری کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

ویانا۔4مئی (اے پی پی):انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے کہا ہے کہ یوکرین میں واقع زاپوریژیا ایٹمی پاور پلانٹ کے ایک ریڈی ایشن لیبارٹری کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

تاس کے مطابق ادارے نے کہا ہے کہ پلانٹ انتظامیہ نے اطلاع دی کہ ڈرون نے بیرونی ریڈی ایشن کنٹرول لیبارٹری کو ہدف بنایا، جو مرکزی تنصیب کی حدود سے باہر واقع ہے۔ تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جبکہ لیبارٹری کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کے بارے میں صورتحال تاحال واضح نہیں ہے۔

آئی اے ای اے کی ٹیم، جو اس وقت مقام پر موجود ہے، نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے لیبارٹری تک رسائی کی درخواست کی ہے۔اس موقع پر آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے خبردار کیا کہ جوہری تنصیبات کے قریب کسی بھی قسم کے حملے نیوکلیئر سیفٹی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔