زینب علی نقوی میموریل جونیئر ٹینس، پاکستان اور روس کے کھلاڑیوں کا سنگلز ٹائٹلز پر قبضہ
زینب علی نقوی میموریل جونیئر ٹینس، پاکستان اور روس کے کھلاڑیوں کا سنگلز ٹائٹلز پر قبضہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):پاکستان کے ابوبکر طلحہ اور روس کی واروارا روبتسووا نے آئی ٹی ایف جونیئر سنگلز ٹائٹلز جیت لیے، دونوں نے قیمتی 30 آئی ٹی ایف رینکنگ پوائنٹس حاصل کیے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام آئی ٹی ایف پاکستان تیسری زینب علی نقوی میموریل ورلڈ جونیئرز ٹینس چیمپئن شپ 2026 (لیگ-1) کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی، جو پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
اس چیمپئن شپ میں 14 ممالک پاکستان، قازقستان، سنگاپور، جاپان، چین، آسٹریلیا، روس، پولینڈ، جنوبی کوریا، سری لنکا، بنگلہ دیش، ملائیشیا، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ، سے 24 لڑکوں اور 15 لڑکیوں نے شرکت کی۔ بوائز سنگلز فائنل ایک سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کے ابوبکر طلحہ نے پاکستان ہی کے میکائیل علی بیگ کو تین سیٹس کے دلچسپ میچ میں 6-4، 6-7(3)، 7-5 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ گرلز سنگلز فائنل میں روس کی واروارا روبتسووا نے چین کی ییجیا وانگ کو یکطرفہ مقابلے میں 6-0، 6-4 سے شکست دے کر گرلز ٹائٹل جیت لیا۔
اختتامی تقریب میں مرحومہ زینب علی نقوی کے چچا کرنل صدف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور فاتحین و رنر اپ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب میں کرنل ضیاءالدین طفیل، میجر سلیمان جنید، سعید احمد خان، طفیل چیمہ کے علاوہ غیر ملکی کھلاڑیوں، کوچز، والدین اور ٹینس کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔








