زینب علی نقوی میموریل ورلڈ جونیئرز ٹینس چیمپئن شپ 2026 کل پیر سے شروع ہو گی۔ اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز میں پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے کہا کہ آئی ٹی ایف پاکستان تیسرا زینب علی نقوی میموریل ورلڈ جونیئرز ٹینس چیمپئن شپ 2026 (لیگ-1) کا آغاز 6 اپریل 2026 کو پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں ہوگا۔
زینب علی نقوی میموریل ورلڈ جونیئرز ٹینس چیمپئن شپ 2026 کل سے شروع ہو گی
اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):زینب علی نقوی میموریل ورلڈ جونیئرز ٹینس چیمپئن شپ 2026 کل پیر سے شروع ہو گی۔ اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز میں پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے کہا کہ آئی ٹی ایف پاکستان تیسرا زینب علی نقوی میموریل ورلڈ جونیئرز ٹینس چیمپئن شپ 2026 (لیگ-1) کا آغاز 6 اپریل 2026 کو پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں ہوگا۔ اس چیمپئن شپ میں 14 ممالک سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 24 لڑکے اور 15 لڑکیاں شرکت کر رہی ہیں، جن میں پاکستان، قازقستان، سنگاپور، جاپان، چین، آسٹریلیا، روس، پولینڈ، جنوبی کوریا، سری لنکا، بنگلہ دیش، ملائیشیا، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔
یہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ کراچی سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت نوجوان ٹینس کھلاڑی زینب علی نقوی کی یاد میں منعقد کیا جا رہا ہے، جو 12 فروری 2024 کو اسلام آباد میں آئی ٹی ایف جونیئر ٹورنامنٹ کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔ صدر پی ٹی ایف اعصام الحق قریشی، سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور پی ٹی ایف انتظامیہ نے زینب علی نقوی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیمپئن شپ ان کی یاد کو زندہ رکھنے اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک بامقصد ذریعہ ہے۔ انہوں نے زینب کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔









