سابق وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے افراد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پرسکیورٹی کے حوالہ سے ایس او پیز چیف کمشنر اور آئی جی نے عدالتی حکام سے مل کر طے کئے، طلال چوہدری

اسلام آباد ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے افراد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پرسکیورٹی سب سے اہم اور ضروری معاملہ ہوتا ہے اس لئے پیشی سے ایک دن پہلے ہی وفاقی دارالحکومت کے چیف کمشنر اور آئی جی نے عدالتی حکام سے مل کر اس حوالے سے ایس او پیز طے کئے ہیں جن کو تحریری صورت میں جاری کیا گیا ہے اس لئے ان کی حیثیت عدالتی احکامات کی طرح ہے۔جمعرات کو اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ مذکورہ ایس او پیز کے مطابق کمرہ عدالت میں سماعت کے دوران سب سے زیادہ گنجائش صحافیوں کے لئے رکھی گئی ہے تا کہ وہ عوام کو ساری صورتحال سے آگاہ کر سکیں ۔