سعودی ہوائی اڈوں پر میزائل حملوں کے باعث خلیج تعاون کونسل اور یورپی یونین کا سربراہی اجلاس ملتوی

سعودی ہوائی اڈوں پر میزائل حملوں کے باعث خلیج تعاون کونسل اور یورپی یونین کا سربراہی اجلاس ملتوی

ریاض۔16اکتوبر (اے پی پی):سعودی ہوائی اڈوں پر میزائل حملوں کے باعث خلیج تعاون کونسل اور یورپی یونین کا سربراہی اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے ، نئی تاریخ کا فیصلہ فریقین باہمی مشاورت سے کریں گے ۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے جی سی سی اور یورپی یونین کے سربراہی اجلاس کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے، جو 24 اکتوبر 2026 کو ریاض میں ہونا تھا،اجلاس کی نئی تاریخ کا فیصلہ جی سی سی اور یورپی فریقین باہمی مشاورت سے کریں گے۔

یہ فیصلہ حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب اور اس کے شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی مسلسل کوششوں کے پیش نظر کیا گیا ہے، جن سے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کو خطرات لاحق ہیں، اس کے علاوہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آپریشنز کی معطلی میں توسیع اور اجلاس میں شرکت کرنے والے وفود کی سلامتی کے خدشات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

جی سی سی کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں جاسم محمد البدیوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جی سی سی اور یورپی یونین سربراہی اجلاس کے انعقاد کے لیے موزوں حالات پیدا کرنے کے لیے کام جاری رکھیں گے، تاکہ دونوں تنظیموں کے رکن ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے اور آگے بڑھانے کے طویل مدتی مقاصد حاصل کیے جا سکیں اور ان کے ممالک اور عوام کے لیے ترقی و خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔