سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ نےموسمی پیشنگوئی کے پیش نظر خصوصی انتظامات مکمل کر لئے

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور ضلعی انتظامیہ نے بارش، آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کی پیشنگوئی کے تناظر میں خصوصی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ سی ڈی اے کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 24 مارچ تا 30 مارچ تک بارش، آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے …

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور ضلعی انتظامیہ نے بارش، آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کی پیشنگوئی کے تناظر میں خصوصی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ سی ڈی اے کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 24 مارچ تا 30 مارچ تک بارش، آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے امکانات ہیں۔ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور ایم سی آئی کو جامع انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے، ایم سی آئی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں بارش کے دوران شہریوں کی خدمت کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں گی۔ اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایمرجنسی اور ریسکیو رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تمام شاہراؤں، نالوں، آبی گزرگاہوں اور نشیبی علاقوں کی سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے متعلقہ عملہ اور جدید مشینری کو فیلڈ میں موجود رہ کر نگرانی کے فرائض سر انجام دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران خود فیلڈ میں موجودگی کو یقینی بنائیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں 25 سے 26 مارچ تک بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ 28 مارچ سے 30 مارچ تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس حوالہ سے سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا ہے کہ شہری بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

سی ڈی اے انتظامیہ نے مزید کہا کہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال یا شکایت کی صورت میں سی ڈی اے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں جہاں موصول ہونے والی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر بارش کے دوران شاہراؤں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے انڈر پاسز اور دیگر مقامات پر نکاسی آب کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کی حفاظت اور بہتر سے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔