شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ لے کر ملک کے 28ویں وزیراعظم منتخب نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نتائج کے اعلان کے بعد اپنے حریف امیدواروں کی نشستوں پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوگئے۔ وہ ملک کے 22ویں منتخب جبکہ مجموعی طور پر …
شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ لے کر ملک کے 28ویں وزیراعظم منتخب
شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ لے کر ملک کے 28ویں وزیراعظم منتخب
نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نتائج کے اعلان کے بعد اپنے حریف امیدواروں کی نشستوں پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا
اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوگئے۔ وہ ملک کے 22ویں منتخب جبکہ مجموعی طور پر 28ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔ منگل کو قومی اسمبلی کے 44ویں اجلاس میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لئے ووٹنگ ہوئی جس میں چار امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا جن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سید نوید قمر نے 47 ووٹ حاصل کئے‘ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار شیخ رشید احمد نے 33 جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار صاحبزادہ طارق اللہ نے 4 ووٹ حاصل کئے۔ عوامی نیشنل پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل نے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا۔ قومی اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لئے قومی اسمبلی کا ہال پولنگ سٹیشن کے طور پر استعمال ہوا۔ امیدواروں کے لئے 4 گیلریاں مختص کی گئیں۔ شاہد خاقان عباسی کے لئے لابی اے ‘ سید نوید قمر کے لئے لابی بی‘ شیخ رشید احمد کے لئے لابی سی اور صاحبزادہ طارق اللہ کے لئے لابی ڈی مختص کی گئی تھی۔ ان گیلریوں کے راستے پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا عملہ ممبران کا اندراج کر رہا تھا جس کے بعد یہ ممبران لابی میں براجمان ہوئے۔ بعد ازاں پولنگ کے اختتام پر ووٹوں کی گنتی کرائی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہد خاقان عباسی کو متحدہ قومی موومنٹ‘ جے یو آئی (ف) ‘ مسلم لیگ (فنکشنل)‘ پختونخوا ملی عوامی پارٹی‘ فاٹا سے آزاد اراکین‘ مسلم لیگ (ضیائ) ‘ نیشنل پیپلز پارٹی‘ نیشنل پارٹی بلوچستان‘ آل پاکستان مسلم لیگ کی حمایت حاصل تھی۔









