شفا فاؤنڈیشن کا یوتھ انٹرن شپ پروگرام اختتام پذیر

"شفا فاؤنڈیشن کا فلیگ شپ ’نور آف ٹومارو یوتھ انٹرن شپ پروگرام‘ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا، جس کے تیسرے بیچ میں نوجوان طلبہ کو زندگی، صحت، سلامتی اور قیادت سے متعلق اہم مہارتیں فراہم کی گئیں۔”

اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):شفافاؤنڈیشن کا فلیگ شپ “نور آف ٹومارو یوتھ انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ پروگرام کے تیسرے بیچ میں نوجوان طلبہ کو زندگی، صحت، سلامتی اور قیادت سے متعلق اہم مہارتیں فراہم کی گئیں۔

شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں منعقدہ گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفافاؤنڈیشن کےایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالوھاب حسن نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت تبدیلی کے لیے مستقبل کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں، وہ آج ہی معاشرے میں بہتری لانے کے لیے اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔چار روزہ پروگرام میں اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح کے کالجز اور جامعات کے طلبہ نے شرکت کی۔ شرکاء کو ہنگامی حالات سے نمٹنے، ابتدائی طبی امداد، سی پی آر، فائر سیفٹی، آفات سے نمٹنے، ذہنی صحت، تناؤ سے نمٹنے، ثابت قدمی، ابلاغ، ٹیم ورک اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق عملی تربیت دی گئی۔پروگرام کے دوران طلبہ کو ڈیجیٹل لٹریسی اور سائبر سیفٹی کی تربیت بھی فراہم کی گئی، جس میں آن لائن پرائیویسی، مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال، کام کی جگہ کے اخلاقیات اور پروفائل ڈویلپمنٹ جیسے موضوعات شامل تھے۔شرکاء نے انٹرایکٹو سیشنز، عملی مظاہروں اور گروپ سرگرمیوں کے ذریعے صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین، ترقیاتی شعبے کے ماہرین اور دیگر متعلقہ افراد سے استفادہ کیا۔ اس تربیت کا مقصد نوجوانوں میں قیادت،رضاکارانہ خدمات،سماجی اقدامات اور کمیونٹی سروس کے لیے اعتماد پیدا کرنا تھا۔انٹرنیشنل یوتھ ڈے 2026 کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں صحت مند،محفوظ، جامع اور پائیدارمعاشروں کی تشکیل میں نوجوانوں کے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر شفافاؤنڈیشن نے ماحولیاتی ذمہ داری اور موسمیاتی لچک کے فروغ کے لیے نوجوانوں کی قیادت میں شجرکاری مہم بھی شروع کی۔شفافاؤنڈیشن کےڈائریکٹر پروگرامز شیخ یونس نے اپنے کلماتِ تشکر میں شریک طلبہ کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے ٹرینرز، سہولت کاروں،رضاکاروں، منتظمین اور معاون ٹیموں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔شفا فاؤنڈیشن نے نوجوانوں کوبااختیار بنانے، رضاکارانہ اور کمیونٹی سروس کے فروغ اور ایک صحت مند، محفوظ اور سرسبز پاکستان کے لیے ذمہ دار شہریوں کی تربیت کے عزم کا اعادہ کیا۔