صاف، محفوظ اور پائیدار ماحول کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، سپیکر قومی اسمبلی کا ماحول کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ صاف، محفوظ اور پائیدار ماحول کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی، جنگلات کی کٹائی اور قدرتی وسائل کے بے دریغ استعمال جیسے مسائل انسانی صحت، معیشت اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہے ہیں۔

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ صاف، محفوظ اور پائیدار ماحول کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی، جنگلات کی کٹائی اور قدرتی وسائل کے بے دریغ استعمال جیسے مسائل انسانی صحت، معیشت اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ماحول کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ،جو ہر سال 5 جون کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ماحول کا عالمی دن منانے کا مقصد عوام میں ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے تاہم پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ماحول کے تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مربوط حکمت اور موثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ شجرکاری کے فروغ، پانی اور توانائی کے محتاط استعمال، پلاسٹک کے غیر ضروری استعمال سے اجتناب اور ماحول دوست طرز زندگی کو اپنانے سے ماحولیاتی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمنٹ ماحولیاتی تحفظ، پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے موثر قانون سازی سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔سپیکر سردار ایاز نے قابل تجدید توانائی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان کو مکمل طور پر شمسی توانائی پر منتقل ہونے والی دنیا کی پہلی پارلیمان ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام توانائی کے موثر استعمال اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے پارلیمان کے عزم کا مظہر ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ماحول کے تحفظ، سرسبز، صاف ستھرے اور محفوظ پاکستان کے قیام میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند ماحول ہی ترقی یافتہ، خوشحال اور پائیدار مستقبل کی ضمانت ہے۔ماحول کے عالمی دن کے موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ماحول کا تحفظ قومی فریضہ ہے اور قدرتی وسائل کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول دوست رویوں کے فروغ اور قدرتی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کے ذریعے ہم آنے والی نسلوں کو ایک بہتر، محفوظ اور پائیدار مستقبل فراہم کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں