صوبائی وزیر تعمیرات کا لاہور رنگ روڈ کا دورہ ،اوور لوڈنگ سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا

"صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے لاہور رنگ روڈ کا دورہ کرتے ہوئے اوور لوڈنگ کی روک تھام اور ٹریفک انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔”

لاہور۔26جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے لاہور رنگ روڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور رنگ روڈ پر اوور لوڈنگ سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایس پی رنگ روڈ پولیس اعجاز رشید اور ڈائریکٹر آپریشنز شاہد محبوب نے صوبائی وزیر کو رنگ روڈ کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے برننس پورہ،محفوظ پورہ، گریژن، عسکری ٹین اور کماہاں کے پوائنٹس پر رنگ روڈ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شجرکاری، لائٹ پولز اور دیگر انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے رنگ روڈ پر اوور لوڈنگ کی خود چیکنگ اور ہدایت کی کہ اوور لوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام بڑی گاڑیوں اور ٹریلرز کو مناسب انداز سے کور کیا جائے جبکہ لوڈر گاڑیوں کے لوڈنگ ایریا میں کسی شخص کو بیٹھنے کی اجازت نہ دی جائے۔صوبائی وزیر نے رنگ روڈ کو پیدل کراس کرنے والے پلوں کے لیے مناسب ریمپس بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے مزید موثر اقدامات کیے جائیں۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔