ضلع نصیرآباد میں ماں اور بچے کی صحت محفوظ زچگی غذائیت اور صحت سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے سلسلے میں آگاہی ریلی کا انعقاد

ضلع نصیرآباد میں ماں اور بچے کی صحت محفوظ زچگی غذائیت اور صحت سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے سلسلے میں ایک آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا

کوئٹہ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):ضلع نصیرآباد میں ماں اور بچے کی صحت محفوظ زچگی غذائیت اور صحت سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے سلسلے میں ایک آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی و ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر نیشنل پروگرام ڈاکٹر زہیر حسین نے کی جبکہ ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت کے افسران و اہلکاران ضلعی سربراہان، طبی عملے سماجی کارکنوں سول سوسائٹی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں آگاہی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ماں اور بچے کی صحت، محفوظ زچگی حاملہ خواتین کی بروقت طبی نگہداشت بچوں کی بہتر نشوونما حفاظتی ٹیکہ جات متوازن غذا اور صحت کی بنیادی سہولیات کے استعمال سے متعلق پیغامات درج تھے ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی بنیاد صحت مند ماں اور صحت مند بچے سے وابستہ ہے۔ حاملہ خواتین کو دورانِ حمل باقاعدگی سے طبی معائنہ ضروری ادویات اور متوازن غذا کی فراہمی کے ساتھ ساتھ زچگی کے دوران ماہر طبی عملے کی خدمات تک رسائی یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے آگاہی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کا تحفظ محکمہ صحت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ حاملہ خواتین کے باقاعدہ طبی معائنے حفاظتی ٹیکہ جات غذائی ضروریات اور نومولود بچوں کی بروقت ویکسینیشن پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ماں اور بچے کو مختلف بیماریوں اور پیچیدگیوں سے محفوظ رکھا جا سکے ۔

ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے عوامی آگاہی کو مزید فروغ دیا جائے گا اور معاشرے کے تمام طبقات کو صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔