عالمی توانائی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ کا خدشہ، آئی ای اے کی وارننگ
عالمی توانائی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ کا خدشہ، آئی ای اے کی وارننگ
ٹورنٹو۔8مئی (اے پی پی):بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرفاتح بیرول نے خبردار کیا ہے کہ عالمی توانائی منڈیاں غیر یقینی اور شدید اتار چڑھاؤ کے دور میں داخل ہوچکی ہیں، جبکہ تیل کی سپلائی میں رکاوٹیں برقرار رہنے کی صورت میں اسٹریٹجک ذخائر مزید جاری کیے جاسکتے ہیں۔شنہوا کے مطابق کینیڈا گروتھ سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے فاتح بیرول نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سب سے اہم عنصر غیر یقینی کیفیت اور اتار چڑھاؤ ہے، اسی لیے تیل کی فراہمی کا تحفظ اب بھی ایک بڑا مسئلہ رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کے باعث روزانہ لاکھوں بیرل تیل کی سپلائی متاثر ہورہی ہے، جس کے سبب عالمی منڈیاں “مشکل حالات” کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ ان کے مطابق جنگ کے خاتمے کے بعد بھی تیل کی فراہمی کی بحالی بتدریج ہوگی۔آئی ای اے کے سربراہ نے بتایا کہ ادارہ ضرورت پڑنے پر مزید اسٹریٹجک تیل ذخائر جاری کرنے کے لیے تیار ہے۔ ادارہ اب تک بڑھتی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے دستیاب ذخائر کا 20 فیصد جاری کرچکا ہے۔
انہوں نے کینیڈاپر زور دیا کہ وہ اپنی توانائی برآمدات کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرے، کیونکہ ایران جنگ کے بعد قابلِ اعتماد توانائی شراکت داروں کی تلاش میں دنیا کینیڈا کو ایک اہم متبادل کے طور پر دیکھ رہی ہے۔دورۂ کینیڈا کے دوران فاطح بیرول نے کینیڈین وزیراعظم مارک کرنی اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کی، جس میں عالمی توانائی بحران اور آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔









