عوامی نیشنل پارٹی کا یوم تاسیس، سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا امیر حیدرخان ہوتی کا پیغام

"اپنی قوم کے حقوق، امن، جمہوریت اور انصاف کی جدوجہد میں ہم استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔” — امیر حیدر خان ہوتی

پشاور۔ 26 جولائی (اے پی پی):سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ اپنی قوم کے حقوق، امن، جمہوریت اور انصاف کی جدوجہد میں استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 26جولائی 1986ء کو عوامی نیشنل پارٹی نے اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا۔ یہ سفر خدائی خدمتگار تحریک، نیشنل عوامی پارٹی اور نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کی روشن روایات کا تسلسل ہے، جسے ہمارے اکابرین نے بے شمار قربانیوں، قید و بند، الزامات اور مشکلات کے باوجود اپنے عزم سے زندہ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ باچا خان سے رہبر تحریک خان عبدالولی خان، آج کے رہبر اسفندیار ولی خان اور ان کے تسلسل ایمل ولی خان تک ہمارا نظریہ، ہماری فکر اور عوامی خدمت کا جذبہ کبھی تبدیل نہیں ہوا۔ ہم آج بھی اپنی قوم کے حقوق، امن، جمہوریت اور انصاف کی جدوجہد میں اسی استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تاسیس کے اس موقع پر ہم اپنے شہداء اور بزرگوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ عوامی حقوق اور اپنے قومی وقار کی اس جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک اپنے اسلاف کے خواب کو حقیقت میں نہ بدل دیں۔ قومی اتحاد اور اتفاق سے انشاء اللہ قومی حقوق، خوشحالی اور اپنے اختیار کی یہ جنگ ہم جیتیں گے۔