فرنچ اوپن ٹینس ویمنز سنگلز،آریاناسبالینکا ،ڈیانا شنائیڈر اور اینا کالنسکیا کوارٹر فائنل میں داخل

بیلاروس کی ٹینس کھلاڑی اور میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آریاناسبالینکا،روسی ٹینس سٹار زڈیانا شنائیڈر اور اینا کالنسکیا نے فرنچ اوپن ٹینس کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں جگہ بنالی

پیرس۔2جون (اے پی پی):بیلاروس کی ٹینس کھلاڑی اور میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آریاناسبالینکا،روسی ٹینس سٹار زڈیانا شنائیڈر اور اینا کالنسکیا نے فرنچ اوپن ٹینس کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں جگہ بنالی جبکہ جاپان کی ٹینس کھلاڑی نائومی اوساکا اورامریکا کی میڈیسن کیز چوتھے رائونڈ میں ہار کر میگا ایونٹ کے ویمنز سنگلز مقابلوں سے باہر ہوگئیں ۔ ای ایس پی این کے مطابق سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارلحکومت پیرس میں جاری ہے،جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ کے ویمن سنگلز مقابلوں کے ٹاپ 16 رائونڈ میں 28 سالہ بیلا روس کی ٹینس سٹار ا ٓریاناسبالینکانے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کی حریف کھلاڑی نائومی اوساکا کو سٹریٹ سیٹس میں 5-7 اور 3-6 سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں جگہ بنائ۔

روسی ٹینس سٹار ڈیانا شنائیڈرنے بھی پری کوارٹر فائنل لائن عبور کر لی ، انہوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے امریکی حریف کھلاڑی میڈیسن کیز کو 3-6، 6-3 اور 0-6 سے مات دے کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ کوارٹر فائنل رائونڈ میں ٹاپ سیڈڈ آریانا سبالینکا کا مقابلہ ڈیانا شنائیڈر سے ہوگا۔ ویمنز سنگلز مقابلوں میں چوتھے رائونڈ کے ایک اور میچ میں روسی ٹینس سٹار اینا کالنسکیا نے آسٹریا کی حریف کھلاڑی اناستاسیا پوٹاپووا کو سخت مقابلے کے بعد 4-6، 6-2 اور 6-7(7-10)سے ہرا کر کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔