فلپائن میں 7.8 شدت کا زلزلہ ، ہلاکتوں کی تعداد47 ہوگئی

فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ کے ساحل کے قریب آنے والے 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 47 افراد ہلاک، 31 لاپتا جبکہ 688 افراد زخمی ہو گئے ہیں

منیلا۔11جون (اے پی پی):فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ کے ساحل کے قریب آنے والے 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 47 افراد ہلاک، 31 لاپتا جبکہ 688 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔شنہوا کے مطابق فلپائن کی قومی ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل نے جمعرات کو جاری کردہ رپورٹ میں بتایا کہ زلزلہ پیر کے روز منڈاناؤ کے جنوبی ساحلی علاقے کے قریب آیا، جس کے باعث متعدد عمارتیں، سڑکیں اور بنیادی ڈھانچے متاثر ہوئے۔حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی اقدامات شروع کر دیے ہیں اور شہریوں کو آفٹر شاکس کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مزید نقصانات اور جانی صورتحال کے بارے میں معلومات جمع کی جا رہی ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔