چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو انجینئر محمد عامر کی خصوصی ہدایت پرنیپرا کی جانب سے مالی سال 26-2025 کیلئے دیئے گئے ریکوری اہداف کے حصول کیلئے فیسکو ریجن میں خصوصی ریکوری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
فیسکو نے مالی سال 26-2025 کے ریکوری اہداف کے حصول کیلئے خصوصی ریکوری مہم کا آغاز کر دیا

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 04 جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو انجینئر محمد عامر کی خصوصی ہدایت پرنیپرا کی جانب سے مالی سال 26-2025 کیلئے دیئے گئے ریکوری اہداف کے حصول کیلئے فیسکو ریجن میں خصوصی ریکوری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس خصوصی مہم کا بنیادی مقصد مستقل نادہندگان اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے واجبات کی وصولی کو یقینی بنانا، بجلی چوری کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنانا اور ریکوری کی مجموعی شرح کو 110 فیصد سے زائد تک پہنچانا ہے۔ فیسکو ترجمان محمد سعید رضا کے مطابق فیسکو کے مختلف سرکلز میں سینئر افسران کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں جو متعلقہ ایکسین اور ایس ڈی او آپریشنز کے ساتھ مکمل رابطے میں رہتے ہوئے ریکوری مہم کی نگرانی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چیف انجنیئر(سی ایس) محمد سعید فرسٹ سرکل، چیف انجنیئرآپریشن منورخان سیکنڈ سرکل، چیف انجنئیر (ٹی ایس) فیصل رضا مارتھ جھنگ سرکل، چیف انجنئیر (ٹی اینڈ جی) او اینڈ ایم احتشام اللہ سرگودھا سرکل، ڈی جی (ایچ ایس ای) اصغر حسین قزلباش میانوالی سرکل جبکہ چیف انجنئیر ڈویلپمنٹ وقاص بیگ ٹوبہ ٹیک سنگھ سرکل میں فیلڈ دفاتر کی بلنگ، وصولیوں اور بقایا جات کی صورتحال کی نگرانی اور مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں گے۔ تمام افسران متعلقہ ڈپٹی کمرشل منیجرز کے ذریعے ہفتہ وار رپورٹس مرتب کر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو کو پیش کرنے کے پابند ہوں گے۔ ا نہوں نے کہا کہ خصوصی ریکوری مہم کے دوران مستقل طور پر منقطع کنکشن، ڈیڈ ڈیفالٹرز اور ایک لاکھ روپے سے زائد بقایا جات رکھنے والے کنکشنز کی فزیکل سائٹ ویری فکیشن کی جائے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ایسے مقامات پر کسی بھی دیگر ذرائع سے بجلی کی فراہمی نہ ہو۔ اگر کسی مقام پر غیر قانونی یا غیر مجاز طریقے سے بجلی کا استعمال پایا گیا تو متعلقہ قوانین کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو فیسکوانجنیئر محمد عامر نے تمام سرکاری اداروں کے سربراہان، کاروباری اداروں، صنعتی صارفین اور گھریلو صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بقایا جات فوری طور پر ادا کریں تاکہ ا نہیں بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور انہیں کسی قانونی کارروائی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مزید برآں زیر التواء اور متنازعہ ریکوری کیسز کا جائزہ لے کر انہیں جلد از جلد نمٹانے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ عدالتی مقدمات میں قانونی تقاضوں کے مطابق آؤٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ کے امکانات بھی زیر غور لائے جائیں گے۔فیسکو انتظامیہ نے تمام فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم کو مزید تیز کریں، خراب میٹرز کی تبدیلی، سیکیورٹی ڈپازٹ کی ایڈجسٹمنٹ، مستقل منقطع کنکشنز کے میٹریل کی واپسی اور دیگر تجارتی امور کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ کمپنی کے مالی و انتظامی امورکو مزید بہتر بنایا جا سکے۔انھوں نے صارفین سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بروقت ادائیگی نہ صرف بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں معاون ثابت ہوتی ہے بلکہ قومی وسائل کے تحفظ اور بجلی کے نظام کی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔








