کنوینئر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی کی قیادت میں خصوصی دعائیہ مجلس کا انعقاد

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان شاخ کے دفتر میں کنوینئر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک خصوصی دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان شاخ کے دفتر میں کنوینئر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک خصوصی دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا

جس میں تحریک آزادی کشمیر کے مخلص کارکن مرحوم محمد اعظم کے ایصالِ ثواب، تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما مرحوم میراث السلام کے درجات کی بلندی جبکہ سینئر حریت رہنما اور انسانی حقوق کے معروف علمبردار محمد احسن انتو کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔دعائیہ مجلس میں حریت رہنماؤں نے مرحوم محمد اعظم، مرحوم میراث السلام اور محمد احسن انتو کی تحریک آزادی کشمیر کے لئے خدمات اور قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ان عظیم سپوتوں کی جدوجہد، استقامت اور قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینئر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے کہا کہ مرحوم محمد اعظم نے اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر، حقِ خودارادیت اور کشمیری عوام کے جائز حقوق کے حصول کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے انتہائی مشکل حالات میں بھی قومی کاذ سے وابستگی کا عملی مظاہرہ کیا اور اپنی خدمات کے ذریعے تحریک آزادی کے لئے قابلِ قدر کردار ادا کیا۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ ایسے مخلص اور نظریاتی کارکن کسی بھی تحریک کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی وفات تحریک آزادی کشمیر کے لئے ایک بڑا نقصان ہے۔انہوں نے مرحوم میراث السلام کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک آزادیٔ کشمیر کی ایک مدبر، باوقار اور انتہائی ملنسار شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی حق خودارادیت کی جدوجہد کے لئے وقف کی ۔ ان کی خدمات، اور جدوجہد تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ کا ایک روشن باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیاں اور خدمات آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ ہیں اور کشمیری قوم انہیں ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھے گی۔دعائیہ مجلس کے شرکاء نے محمد احسن انتو کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ اور کشمیری عوام کی آواز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے طویل عرصے سے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے سخت ترین حالات میں بھی حق و انصاف کی آواز بلند کی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ محمد احسن انتو جلد صحت یاب ہو کر دوبارہ پوری توانائی کے ساتھ تحریک آزادیٔ کشمیر اور انسانی حقوق کے فروغ کے لئے اپنی خدمات انجام دیں گے۔اجلاس میں مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی منصفانہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے غیر معمولی قربانیاں دے رہے ہیں اور تمام تر ریاستی جبر، سیاسی دباؤ اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود ان کے حوصلے بلند ہیں۔ کنوینئر غلام محمد صفی نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لئے مؤثر کردار ادا کریں۔ دعائیہ مجلس کے اختتام پر مرحوم محمد اعظم اور مرحوم میراث السلام کے ایصالِ ثواب، درجات کی بلندی، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام، لواحقین کے لئے صبرِ جمیل، محمد احسن انتو کی مکمل صحت یابی، کشمیری شہداء کے بلند درجات، اسیرانِ حریت کی رہائی اور تحریک آزادیٔ کشمیر کی کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔دعائیہ مجلس میں سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر ،جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد ،میڈم شمیم شال، سید اعجاز رحمانی ،راجہ شاہین،میاں مظفر،امتیاز وانی،سید گلشن،شیخ عبد الماجد ،سید کفایت رضوی ،نزیر کرناہی ،ظہور احمد اور سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ شامل تھے۔

مزید خبریں