کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی 42ویں عالمی نمائش اپنے حجم، تنوع، بین الاقوامی شرکت اور کاروباری مواقع کے اعتبار سے غیر معمولی نتائج کی حامل ہو گی
قالینوں کی 42ویں عالمی نمائش کاروباری مواقع کے اعتبار سے غیر معمولی نتائج کی حامل ہو گی، چیئرپرسن سی ٹی آئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی 42ویں عالمی نمائش اپنے حجم، تنوع، بین الاقوامی شرکت اور کاروباری مواقع کے اعتبار سے غیر معمولی نتائج کی حامل ہو گی ، صنعت سے وابستہ 70 سے زائد ممتاز مینوفیکچررز اور برآمدکنندگان اعلیٰ معیار کے قالین، رگز، دریوں اور دیگر فلور کورنگ مصنوعات نمائش کیلئے پیش کریں گے اور قوی امید ہے کہ تین روزہ عالمی ایونٹ میں بڑے پیمانے پر برآمدی سودے طے ہوں گے۔ اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان نے کہا کہ پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 42ویں عالمی نمائش 6 سے 8 اکتوبر 2026 لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگی، یہ خصوصی اور تاریخی نمائش پاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی دہائیوں پر محیط شاندار روایات، اعلیٰ معیار کی دستکاری، منفرد ڈیزائن اور بین الاقوامی تجارتی شراکت داریوں کا جشن ہوگا۔یہ عالمی ایونٹ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عالمی نمائش کے ذریعے غیر ملکی خریداروں کو ایک ہی چھت تلے نئی کلیکشنز، جدید ڈیزائنز، تخلیقی رجحانات اور صنعت میں آنے والی نئی جدتوں کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا۔اعجاز الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستان میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش کو ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی سطح پر نمایاں تجارتی نمائش تسلیم کیا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے خریداراس نمائش کے شدت سے منتظر ہوتے ہیں۔ یہ نمائش غیر ملکی خریداروں کو پاکستان کے ہنر مندوں، مینو فیکچررز اور برآمدکنندگان سے براہِ راست روابط استوار کرنے اور ہاتھ سے بنے پاکستانی قالینوں کی بے مثال مہارت اور معیار سے آگاہ ہونے کا نادر موقع فراہم کرے گی جس سے برآمدات کے فروغ اور نئے تجارتی معاہدوں کی راہ ہموار ہوگی۔انہوں نے کہا کہ منتخب بین الاقوامی خریداروں کو پاکستان آمد کے لئے خصوصی ہاسپیلٹی پیکیج دیا جائے گا جس کے دورس نتائج ہوں گے ۔اعجاز الرحمان نے کہا کہ مذکورہ عالمی نمائش پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی شناخت کو مزید مضبوط بنانے، برآمدات میں اضافے، نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی اور ملکی قالینوں کی صنعت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔








