لیسکو نے ملازمین کی حاضری کے نظام کو مزید موثر اور شفاف بنانے کے لیے موبائل ایپ کے ذریعے پائلٹ منصوبے کا آغاز کر دیا ۔
لیسکو ملازمین کی حاضری کے لیے موبائل ایپ کے ذریعے پائلٹ منصوبے کا آغاز

مزید خبریں
لاہور۔4جون (اے پی پی):لیسکو نے ملازمین کی حاضری کے نظام کو مزید موثر اور شفاف بنانے کے لیے موبائل ایپ کے ذریعے پائلٹ منصوبے کا آغاز کر دیا ۔ ترجمان کے مطابق اس نظام کو لیسکو ہیڈ کوارٹر، آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ، عزیز بھٹی ڈویژن اور الطاف کالونی سب ڈویژن میں نافذ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملازمین کی حاضری کی نگرانی کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور انتظامی امور میں مزید بہتری لانا ہے۔ پائلٹ مرحلے کے دوران متعلقہ دفاتر کے تمام افسران اور ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایپ انسٹال کرکے اپنی حاضری درج کریں، تاہم نئے نظام سے مکمل آگاہی تک موجودہ بائیو میٹرک حاضری کا نظام بھی متوازی طور پر جاری رہے گا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکونے کہا ہے کہ ادارے میں ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایپ کے ذریعے حاضری کا نیا نظام شفافیت، موثر نگرانی اور بہتر انتظامی کارکردگی کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔








