مانچسٹر یونائیٹڈ اور ہیری میگوائر کے درمیان نیا معاہدہ طے پا گیا

مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق کپتان اور تجربہ کار سینٹرل ڈیفینڈر ہیری میگوائر نے کلب کے ساتھ ایک سال کے نئے معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں

مانچسٹر۔7اپریل (اے پی پی):مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق کپتان اور تجربہ کار سینٹرل ڈیفینڈر ہیری میگوائر نے کلب کے ساتھ ایک سال کے نئے معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں ،جس میں باہمی رضا مندی سے مزید ایک سال کی توسیع کا آپشن بھی رکھا گیا ہے۔بی بی سی کے مطابق 33 سالہ ہیری میگوائر کا موجودہ معاہدہ رواں سیزن کے اختتام پر ختم ہو رہا تھا تاہم اب وہ کم از کم 8 سیزنز تک اس تاریخی کلب کا حصہ رہنے کا اعزاز حاصل کر لیں گے۔ ہیری میگوائر 2019میں لیسٹر سٹی سے اس وقت کی ریکارڈ ساز رقم 80 ملین پاؤنڈ کے عوض یونائیٹڈ میں شامل ہوئے تھے اور اب تک266میچز میں کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے لیگ کپ اور ایف اے کپ جتوا چکے ہیں۔

مانچسٹر یونائیٹڈ میں ان کا سفر اتار چڑھاؤ سے بھرپور رہا جہاں انہیں کپتانی سے ہٹائے جانے اور ٹیم سے باہر ہونے جیسے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا مگر حالیہ دنوں میں عبوری منیجر مائیکل کیرک کی قیادت میں انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مسلسل 10 میچز کھیلے ہیں۔ معاہدے کی تجدید پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ہیری میگوائر نے کہا ہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنا ان کےلئے سب سے بڑا اعزاز ہے اور وہ پرامید ہیں کہ ٹیم کے بہترین لمحات ابھی آنے باقی ہیں۔ دوسری جانب کلب کے ڈائریکٹر آف فٹ بال جیسن ولکوکس نے ہیری میگوائر کو ایک بہترین پروفیشنل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا تجربہ اور قائدانہ صلاحیتیں نوجوان سکواڈ کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔