مستقبل کے تمام اقدامات کو قومی ترقیاتی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہئے،وفاقی وزیراقتصادی اموراحدچیمہ کی عالمی بینک کی نائب صدرسے ملاقات میں گفتگو

مستقبل کے تمام اقدامات کو قومی ترقیاتی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہئے،وفاقی وزیراقتصادی اموراحدچیمہ کی عالمی بینک کی نائب صدرسے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہاہے کہ مستقبل کے تمام اقدامات کو قومی ترقیاتی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہئے، بنیادی صحت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لئے ڈیجیٹل سلوشن کے زیادہ استعمال کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں عالمی بینک کی نائب صدر برائے انسانی ترقی ممتا مو رتی سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان جاری تعاون پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور انسانی سرمائے کی ترقی، ہنر مندی کے فروغ، افرادی قوت کی تیاری اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے متعلق نئے ترقیاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ممتا مور تی نے وزیر اقتصادی امور کو صحت، تعلیم اور انسانی ترقی کے شعبوں میں عالمی بینک کی مجوزہ معاونت سے آگاہ کیا۔ ان اقدامات میں ایک درمیانی مدت کا ہیلتھ کمپیکٹ بھی شامل ہے جس کا مقصد بنیادی صحت کے نظام کو مضبوط بنانا، ماؤں اور بچوں کی صحت کے نتائج کو بہتر بنانا اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت کی خدمات کی فراہمی کو مؤثر بنانا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان مجوزہ اقدامات میں دیگر ترقیاتی شراکت داروں کی شمولیت کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے امکان پر بھی روشنی ڈالی جس کا مقصد فنی اور پیشہ وارانہ تربیت کے نظام کو مضبوط بنانا، افرادی قوت کو روزگار کی منڈی کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا اور پاکستانی نوجوانوں کے لئے بہتر روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

وفاقی وزیر اقتصادی امور نے عالمی بینک کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل کے تمام اقدامات کو قومی ترقیاتی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہئے۔ انہوں نے بنیادی صحت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لئے ڈیجیٹل سلوشن کے زیادہ استعمال کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہنر مندی کے فروغ سے متعلق منصوبے طلب اور صنعت کی ضروریات پر مبنی ہونے چاہئیں تاکہ معیشت کی حقیقی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ وزیر اقتصادی امور نے نجی شعبے کی بڑھتی ہوئی شمولیت کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن(آئی ایف سی) کے زیادہ فعال کردار پر بھی زور دیا، تاکہ صحت کے نظام کی بہتری اور صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتوں کے فروغ کے اقدامات کو مزید تقویت دی جا سکے۔

ملاقات میں حکومت، عالمی بینک گروپ اور نجی شعبے کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا تاکہ پاکستان کے انسانی سرمائے کی ترقی کے اہداف کے حصول میں مدد مل سکے۔فریقین نے پاکستان کے انسانی سرمائے اور اقتصادی ترقی کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے باہمی تعاون اور شراکت داری کو مزید مستحکم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔