مشیر خزانہ اور محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ،پاور ڈویژن کیلئے جون 2020ءتک خصوصی ریلیف پیکیج کی تجویز کی منظوری دے دی

اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اے پی پی) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاور ڈویژن کیلئے جون 2020ءتک خصوصی ریلیف پیکیج کی تجویز کی منظوری دے دی اور گندم کی قیمت 1400 روپے فی 40 کلو تک بڑھانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ اور محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت بدھ کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا۔ ای سی …

اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اے پی پی) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاور ڈویژن کیلئے جون 2020ءتک خصوصی ریلیف پیکیج کی تجویز کی منظوری دے دی اور گندم کی قیمت 1400 روپے فی 40 کلو تک بڑھانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ اور محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت بدھ کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا۔ ای سی سی نے گندم کی قیمت 1400 روپے فی 40 کلو تک بڑھانے کی تجویز پر غورکیا اور (آج ) جمعرات کو اس حوالے سے ایک خصوصی اجلاس بھی طلب کےا ہے جس میں گندم کی امدادی قیمت کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ پاسکو کی سپلائی کے لئے امدادی قیمت ، حادثاتی اخراجات میں اضافے اور صوبوں کی جانب سے گندم کی خریداری سے متعلق معاملات کو زیر بحث لایاگیا۔ ای سی سی نے پاور ڈویژن کی طرف سے خصوصی ریلیف پیکیج کی تجویز کی بھی منظوری دے دی جس کے تحت جون 2020ءتک 5 برآمدی شعبوں کو سبسڈی بجلی کی فراہمی جاری رہے گی۔ ای سی سی نے وزارت توانائی کی طرف سے دو مزید ترمیموں کی تجویز کو بھی منظوری دی ہے جس کا مقصد پٹرولیم سیکٹرمیں کاروبار کرنے میں آسانی فراہم کرنا ہے۔ ان ترامیم کا تعلق ای سی سی کے ذریعہ پٹرولیم ڈویژن کے وزیر کی بجائے گیس تلاش کرنے کی لائسنسوں میں توسیع اور ساحل پر لائسنسنگ نظام کے لئے ایک نیا زون 1 (ایف) بنانے اور زونل میپ میں اس کے نتیجے میں ترمیم سے متعلق ہے۔ ای سی سی نے نیشنل ٹیلی مواصلات کارپوریشن کے 2018-19ءاور 2019-20 کے نظرثانی شدہ بجٹ تخمینے کی بھی منظوری دی۔ ای سی سی نے ایسٹرن پروڈکٹ پرائیویٹ (لمیٹڈ) پاکستان کی جانب سے بیرون ملک 22.5 ملین ایکویٹی سرمایہ کاری کی تجویز کی بھی اصولی منظوری دے دی۔