ملتان سلطانز کا ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں شاندار آغاز ، ٹیم متوازن نظر آ رہی ہے،گوہر شاہ

ملتان سلطانز کا ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں شاندار آغاز ، ٹیم متوازن نظر آ رہی ہے،گوہر شاہ

لاہور۔11اپریل (اے پی پی):ملتان سلطانز کے اونر گوہر شاہ نے کہا ہے کہ ملتان سلطانز نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں شاندار آغاز کیا ہے ، ٹیم متوازن نظر آ رہی ہے۔انہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سٹیو اسمتھ، پیٹر سڈل اور محمد نواز جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچ ٹم پین کی بہترین رہنمائی نے ٹیم کو مضبوط بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شان مسعود بھی عمدہ کارکردگی دکھا رہے ہیں،جنہیں واضح کردار دیا گیا ہے اور نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے لاہور قلندرز کے خلاف میچ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم بہتر تھی،تاہم13 اوورز کے میچ میں اپنی غلطیوں کی وجہ سے شکست ہوئی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ مقابلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان واضح فرق نظر آئے گا۔

گوہر شاہ نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے آغاز کے بعد بطور اونر ان کا کردار محدود ہو گیا ہے اور وہ اس وقت ٹیم کے ساتھ بطور منیجر اور ڈیٹا اینالسٹ کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے تجربے اور تعلیمی پس منظر کی بنیاد پر وہ ٹیم مینجمنٹ اور ڈیٹا اینالیسز کیلئے خود کو موزوں سمجھتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملتان سلطانز کے مداح ان کیلئے فیملی کی حیثیت رکھتے ہیں،اسی لیے جنوبی پنجاب کے ہر ضلع کا نام ٹیم کی ٹریننگ شرٹس کے پیچھے درج کروایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے جنوبی پنجاب کی یہ ایک ٹیم ہے اور وہ شائقین کےلئے بہترین کرکٹ کھیلنے کیلئے پرعزم ہیں۔آخر میں گوہر شاہ نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ پاکستان کرکٹ کیلئے مثبت کردار ادا کریں اور کھلاڑیوں کی ذہنیت میں بہتری لائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ چاہے ٹیم کا سودا نقصان میں ہو یا فائدے میں،وہ پاکستان کرکٹ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھانے کیلئے تیار ہیں۔